آئی سی سی نے آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی-20 عالمی کپ 2022 کے مکمل شیڈیول کا اعلان کر دیا ہے۔ اس میں ہندوستان ایک مرتبہ پھر اپنے حریف پاکستان کے خلاف میچ سے عالمی کپ مہم کا آغاز کرے گا۔ یہ مقابلہ 23 اکتوبر کو ملبورن کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا۔ واضح ہو کہ گزشتہ سال دبئی میں ہوئے ٹی-20 عالمی کپ میں بھی ہندوستان نے اپنا پہلا میچ پاکستان کے خلاف ہی کھیلا تھا جہاں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ٹی-20 عالمی کپ 2022 کا آغاز 16 اکتوبر کو سری لنکا اور نامیبیا کے درمیان پہلے راؤنڈ کے مقابلے سے ہوگا جبکہ دوسرے راؤنڈ یعنی سپر-12 کی شروعات 22 اکتوبر کو موجودہ چمپئن آسٹریلیا اور رَنر اَپ نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہوگی۔ ٹورنامنٹ کا سیمی فائنل 9 اور 10 نومبر کو ہوگا جبکہ فائنل 13 نومبر کو ایم سی جی میں کھیلا جائے گا۔ سپر-12 میں آسٹریلیا کو گروپ ایک میں انگلینڈ، نیوزی لینڈ، افغانستان اور گروپ اے کی فاتح اور گروپ بی کے رَنر اَپ کے ساتھ رکھا گیا ہے۔
سپر-12 کے گروپ 2 میں شامل ہندوستانی ٹیم پاکستان کے خلاف مقابلے کے بعد اپنا دوسرا میچ 27 اکتوبر کو سڈنی میں کوالیفائر (گروپ اے کی رنر اَؒپ) سے کھیلے گی۔ اس کے بعد 30 اکتوبر کو پرتھ میں جنوبی افریقہ اور 2 نومبر کو ایڈیلیڈ میں بنگلہ دیش سے زور آزمائی کرے گی۔ ہندوستانی ٹیم اپنا آخری مقابلہ 6 نومبر کو ایم سی جی میں گروپ بی کی فاتح سے کھیلے گی۔