برطانیہ کی مہارانی الزبتھ دوئم کی عمر اس وقت 95 سال ہے اور وہ باحیات ہیں، لیکن ان کی آخری رسومات سے متعلق سبھی تیاریاں پہلے سے ہی مکمل کر لی گئی ہیں۔ ان کے انتقال پر کتنے دنوں کا قومی سوگ منایا جائے گا، کتنے دنوں بعد دفن کیا جائے گا، اور کس طرح کے پروگرام منعقد کیے جائیں گے… سب کچھ فائنل ہو چکا ہے۔ یہ سب سن کر حیرانی ضرور ہو رہی ہوگی، لیکن جو خفیہ جانکاریاں افشا ہوئی ہیں اس سے تو یہی پتہ چلتا ہے۔

دراصل ’ٹائمز آف انڈیا‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق مہارانی الزبتھ کے انتقال کے بعد کچھ دنوں تک ہونے والے پروگراموں کا پورا منصوبہ اور اس کی جانکاریاں جمعہ کے روز افشا ہو گئیں۔ انتہائی خفیہ اور اہم دستاویزات افشا ہونے کے بعد اب لوگوں کے ذہن میں یہ سوالات گردش کر رہے ہیں کہ جب مہارانی اس دنیا کو الوداع کہیں گی تو لندن میں کس طرح کا ماحول دیکھنے کو ملے گا، اور شاہی خاندان کے ذریعہ کس طرح کے پروگرام کا انعقاد ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق مہارانی الزبتھ دوئم کے انتقال سے متعلق پروگراموں کو ’آپریشن لندن برج‘ نام دیا گیا ہے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مہارانی کو انتقال کے 10 دن بعد دفن کیا جائے گا۔ ان کی تدفین سے قبل نئے جانشیں یعنی پرنس چارلس پورے ملک کا دورہ کریں گے۔ ایک دن کے قومی سوگ اور لاش کو تین دنوں تک پارلیمنٹ میں رکھے جانے کی بات بھی کہی جا رہی ہے۔