آپ کتنے دنوں تک بغیر غسل کیے رہ سکتے ہیں؟ ایک ہفتہ، ایک مہینہ، یا پھر ایک سال؟ ہے نہ حیران کرنے والا سوال۔ آپ میں سے کئی لوگ ایسے ہوں گے جو کہیں گے کہ بغیر غسل کے ایک دن بھی رہنا منظور نہیں۔ لیکن آج ہم آپ کو ایسے شخص کے بارے میں بتانے جا رہے ہیں جنھوں نے 67 برس سے غسل نہیں کیا۔ تقریباً سات دہائی تک غسل نہ کرنے کا نتیجہ ہے کہ وہ پراگندہ نظر آتا ہے اور لوگوں نے اسے غلیظ ترین انسان ہونے کا لقب دے دیا ہے۔
ہم بات کر رہے ہیں ایران کے 80 سالہ بزرگ شہری آمو حاجی کی۔ غیر ملکی میڈیا میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق آمو حاجی ایران کے جنوبی صوبہ فارس کے ایک چھوٹے سے گاؤں میں رہتے ہیں۔ انھوں نے گزشتہ تقریباً 67 سال سے صرف اس لیے غسل نہیں کیا کیونکہ انھیں بیمار پڑ جانے کا خوف ہے۔
آمو حاجی کے بارے میں آپ کو یہ جان کر بھی حیرانی ہوگی کہ وہ گندہ پانی اور مرے ہوئے جانوروں کا گوشت کھا کر زندہ ہیں۔ گویا کہ وہ غلاظت کی چلتی پھرتی مثال بن چکے ہیں۔ ڈاکٹرس اس بات سے حیران ہیں کہ عرصہ دراز سے غسل نہ کرنے اور مضر چیزیں کھانے کے باوجود وہ قابل رشک صحت کے مالک ہیں۔ غور طلب ہے کہ آمو حاجی سے قبل ایک ہندوستانی شہری کو دنیا کا غلیظ ترین انسان ہونے کا لقب دی گیا تھا۔ اس نے 38 برس تک غسل نہیں کیا تھا۔