اتر پردیش میں اسمبلی انتخاب کی ہلچل کے درمیان مشہور و معروف شاعر منور رانا نے ریاست کی موجودہ حکومت کو ایک بار پھر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اتر پردیش میں یوگی حکومت دوبارہ آنے پر ریاست سے ہجرت کرنے کا عزم ظاہر کرنے والے منور رانا نے کہا کہ بی جے پی بھلے ہی جناح اور پاکستان کا ایشو اٹھا رہی ہے، لیکن اس سے اسمبلی انتخاب کا کوئی لینا دینا نہیں۔ عوام ریاست کے حقیقی ایشوز پر ووٹ ڈالے گی کیونکہ جناح-پاکستان سے انھیں کوئی فائدہ نہیں پہنچنے والا۔
یوگی حکومت میں بے قصور مسلمانوں کے خلاف ہو رہی کارروائی کا تذکرہ کرتے ہوئے منور رانا نے کہا کہ حالات ایسے پیدا ہو گئے ہیں کہ مسلمانوں نے اپنے گھر میں چاقو تک رکھنا بند کر دیا ہے۔ وہ ڈرنے لگے ہیں کہ پتہ نہیں کب یوگی ان کو بند کروا دیں۔ منور رانا نے یہ بھی کہا کہ اگر کیرانہ سے 10 ہندوؤں کی ہجرت کا تذکرہ کیا جاتا ہے تو ہزاروں مسلمان بھی یہاں سے ہجرت کر رہے ہیں، ان پر توجہ کیوں نہیں دی جاتی۔
اے بی پی پر شائع ایک رپورٹ میں منور رانا نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا اور طنز کے تیر بھی چلائے۔ انھوں نے کہا کہ اگر یہ کہیں کہ ہم ’آرام‘ کر رہے ہیں، تو یہ بولنے لگیں گے کہ ہمارے ’رام‘ میں آپ ’آ‘ کیوں لگاتے ہیں۔ ساتھ ہی منوّر رانا نے ایک بار پھر واضح کیا کہ یوگی دوبارہ آئے تو وہ ہجرت کر جائیں گے۔