پاکستان کی ایک مسجد میں ہلاکت خیز فائرنگ کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ شکارپور کے گڑھی یاسین علاقہ کا ہے جہاں مسجد میں ہوئی فائرنگ کے سبب 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔ موصول ہو رہی خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ جاں بحق ہونے والے افراد میں مسجد کے پیش امام بھی شامل ہیں۔
اس تعلق سے ’اے آر وائی اردو‘ پر ایک خبر شائع ہوئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ گڑھی یاسین کے قریب گوٹھ حبیب جکھرو واقع مسجد میں فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ میں پیش امام ارشاد منگرانی اور دو دیگر افراد دلشاد و شمن ہلاک ہو گئے۔ واقعہ کی خبر ملتے ہی مقامی پولس اور رضاکار تنظیموں کے افسران جائے حادثہ پر پہنچے اور لاشوں کو فوراً قریبی اسپتال بھیجا گیا۔ یہ خبر نہیں مل سکی ہے کہ تین مہلوکین کے علاوہ کوئی شخص زخمی بھی ہوا ہے یا نہیں۔
پولس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ پرانی دشمنی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔ تاہم تحقیقات کی جا رہی ہے اور حتمی نتیجہ تحقیقات ختم ہونے کے بعد ہی سامنے آئے گا۔ پولس نے ملزمین کی تلاش شروع کر دی ہے، لیکن فی الحال کسی بھی ملزم یا مشتبہ افراد کی گرفتاری کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ غور طلب ہے کہ شکارپور میں اس سے قبل بھی دشمنی کے نتیجے میں فائرنگ کے کئی واقعات رونما ہو چکے ہیں۔ لیکن جس طرح مسجد میں فائرنگ کی گئی، اس سے مقامی لوگ دہشت میں ہیں۔