پرانی دہلی میں اپنی تعلیمی سرگرمیوں کے لیے مشہور فاطمہ اکیڈمی اِن دنوں ’مفت مہندی کلاسز‘ کو لے کر خوب شہرت حاصل کر رہی ہے۔ خواتین میں مہندی لگانے کا ہنر پیدا کرنے کا عمل گزشتہ کئی مہینوں سے جاری ہے اور قابل ذکر یہ ہے کہ مفت مہندی سکھانے کے ساتھ ساتھ مفت مہندی لگانے کی بھی سہولت فاطمہ اکیڈمی نے مہیا کر رکھی ہے۔ کسی گھر میں شادی یا کوئی دوسری تقریب ہو تو بڑی تعداد میں خواتین فاطمہ اکیڈمی پہنچتی ہیں اور مہندی لگانے میں ماہر بچیوں کی خدمات حاصل کرنے کے بعد انھیں دعائیں دیتے ہوئے گھر واپس ہوتی ہیں۔
پرانی دہلی کے لال کنواں علاقہ میں موجود فاطمہ اکیڈمی نے مہندی کلاسز کے لیے روزانہ (سوموار سے جمعہ) 1 بجے سے 4 بجے کا وقت مقرر کر رکھا ہے۔ 1 بجے سے 3 بجے تک بچیوں کو عام مہندی لگانا سکھایا جاتا ہے، جبکہ 3 سے 4 بجے تک برائیڈل مہندی یعنی شادی تقاریب کے لیے پرکشش مہندی لگانا سکھایا جاتا ہے۔ اگر کسی کو مفت مہندی لگوانی ہو تو وہ 1 سے 4 بجے تک فاطمہ اکیڈمی کی بچیوں کی خدمات حاصل کر سکتی ہیں، بس انھیں ’مہندی کون‘ (Mehandi Cone) ساتھ لانا ہوگا۔
فاطمہ اکیڈمی میں یہ مہندی کلاسز تحسین منیب، شہانہ کسّار اور شبنم رفیع کی رہنمائی میں چلائے جا رہے ہیں۔ بچیوں کو سب سے پہلے پنسل اسکیچنگ کے ذریعہ مہندی ڈیزائن بنانا سکھایا جاتا ہے، پھر لیمنیشن شیٹ پر ڈیزائن کا مشق کرایا جاتا ہے، اور آخر میں بچیاں ہاتھ پر مہندی لگانا سیکھتی ہیں۔