محمد سراج اپنی جارحانہ گیندبازی کی وجہ سے ہندوستانی ٹیم کے چہیتے بن چکے ہیں۔ ان کے تعلق سے باتیں سننے کے لیے لوگ متجسس رہتے ہیں۔ آئیے آج ہم ان کے بارے میں ایک نئی بات بتاتے ہیں۔ سراج نے اپنے ایک بیان میں دلچسپ جانکاری دی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ جب پہلی مرتبہ انہیں آئی پی ایل کے لیے منتخب کیا گیا تو سب سے پہلے iPhone 7+ کی خریداری کی تھی۔ ساتھ ہی انہوں نے ایک سیکنڈ ہینڈ کار بھی لی تھی۔
سراج نے رائل چیلنجرس بنگلورو کے ایک پوڈکاسٹ میں سکینڈ ہینڈ کار سے جڑا ایک دلچسپ قصہ بھی بیان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سیکنڈ ہینڈ کار ’کورولا‘ خریدی تھی کیونکہ آئی پی ایل کھلاڑیوں کے لیے یہ ضروری ہو جاتا ہے۔ لیکن اسے چلانا نہیں آتا تھا اس لیے چچازاد بھائی سے کار چلانے کو کہا۔ سراج نے مزید کہا ’’ایک بار ہم کسی تقریب میں گئے۔ کورولا میں اے سی نہیں تھا جس کی وجہ سے ہوا کے لیے ہمیں گاڑی کے شیشے کھلے رکھنے پڑے۔ پھر کیا تھا! راستے میں جو بھیڑ تھی وہ سراج، سراج چلانے لگی۔ میں شیشہ چڑھا بھی نہیں سکتا تھا کیونکہ اس وقت کافی گرمی تھی۔ اگلے سال میں نے ایک مرسیڈیز خریدی۔‘‘
غور طلب ہے کہ محمد سراج کو 2017 میں سنرائزرس حیدرآباد نے 2.6 کروڑ روپے میں خریدا تھا۔ اس کے بعد 2018 میں انہیں آر سی بی نے اپنے ساتھ جوڑ لیا۔ بہرحال، آر سی بی کے ذریعہ سراج کے علاوہ 9 مزید پوڈکاسٹ ریلیز کیا گیا ہے۔