جامعہ ملیہ اسلامیہ میں میڈیکل کالج تعمیر کرنے کی پیش رفت جلد شروع ہو سکتی ہے۔ اس کا یقین اس وقت پختہ ہو گیا جب وزیر اعظم نریندر مودی نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کی وائس چانسلر پروفیسر نجمہ اختر سے اپنی رہائش پر ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران کئی اہم ایشوز پر بات چیت ہوئی جس میں میڈیکل کالج تعمیر کا معاملہ بھی شامل تھا۔ یہ باتیں ’انڈین ایکسپریس‘ کی ایک رپورٹ میں بیان کی گئی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے جامعہ وائس چانسلر سے میڈیکل کالج کھولنے کی بات ایک بار پھر دہرائی اور ساتھ ہی خواہش ظاہر کی کہ وہ جامعہ کے آئندہ جلسہ تقسیم اسناد میں بطور مہمانِ خصوصی شامل ہونا چاہتے ہیں۔ جامعہ کے رابطہ عامہ افسر احمد عظیم کے حوالے سے رپورٹ میں لکھا گیا ہے کہ ’’گزشتہ میٹنگوں کی طرح اس بار بھی وزیر اعظم نے جامعہ میں میڈیکل کالج کھولنے کے لیے اپنے تعاون کی تجویز رکھی۔ ساتھ ہی انھوں نے امید ظاہر کی کہ یہ کام پروفیسر نجمہ اختر کے وائس چانسلر رہتے ہوئے شروع ہو جائے گا۔‘‘

احمد عظیم نے بتایا کہ وزیر اعظم کو پروفیسر نجمہ سے ملاقات کے دوران یاد آیا کہ دو سال قبل ان سے جامعہ میں میڈیکل کالج کھولنے کی بات کہی گئی تھی۔ یونیورسٹی میں اسپتال کھولنے کا بھی منصوبہ تھا لیکن فنڈ نہ ہونے کے سبب یہ کام پورا ہونا فی الحال ممکن نہیں۔ حالانکہ میڈیکل کالج کھولنے کا عمل جلد شروع ہونے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔