پاکستانی انڈر-19 کرکٹ ٹیم کے کپتان قاسم اکرم نے 3 فروری کو سری لنکا کے خلاف ایک نئی تاریخ رقم کر دی۔ یوتھ کرکٹ کی 45 سالہ تاریخ میں ایک ہی میچ میں سنچری اور 5 وکٹ لینے والے وہ پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انہوں نے یہ کارنامہ انڈر-19 عالمی کپ کے پانچویں مقام کے لیے کھیلے گئے سری لنکا کے خلاف میچ میں انجام دیا۔ پاکستانی کرکٹر قاسم نے سب سے پہلے 80 گیندوں میں 135 رنوں کی طوفانی اننگ کھیلی اور پھر بعد میں گیندبازی میں کمال دکھاتے ہوئے صرف 37 رن دے کر 5 وکٹ جھٹک لیے۔
قاسم اکرم کی اس آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت پاکستان نے پلے آف مقابلے میں سری لنکا کو 238 رنوں کے بڑے فرق سے شکست دے دی۔ پاکستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 3 وکٹ پر 365 رنوں کا عظیم اسکور کھڑا کیا تھا قاسم کے 135 رنوں کے علاوہ حبیب اللہ خان نے بھی سنچری بنائی۔ انہوں نے 151 گیندوں میں 136 رن بنائے۔
366 رنوں کے ہدف کا پیچھا کرنے اتری سری لنکائی ٹیم کے بلے بازوں کو بھی قاسم اکرم نے خوب پریشان کیا۔ سری لنکا انڈر-19 ٹیم نے صرف 50 رنوں کے اندر اپنے 6 وکٹ گنوا دیے جس میں قاسم کے حصے میں 5 وکٹ آئے۔ سری لنکائی ٹیم شروعاتی جھٹکوں کے بعد کبھی سنبھل نہیں پائی اور صرف 127 رن پر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستانی کرکٹر کی اس آل راؤنڈ کارکردگی کے بعد اب سبھی کو ان سے مستقبل کے لیے کافی امیدیں بندھ گئی ہیں۔