بیجنگ سرمائی اولمپک 2022 کا آغاز ہو چکا ہے۔ اس میں ہندوستان سے واحد نمائندگی کشمیر کے عارف خان کر رہے ہیں جو 13 فروری کو گریٹ سلے لم ایونٹ اور 16 فروری کو سلے لم ایونٹ میں مقابلہ کریں گے۔ گلمرگ سے تعلق رکھنے والے عارف خان کا کشمیر کی وادیوں سے اولمپک تک کا سفر بے حد دلچسپ ہے۔
عارف کو ابتدا میں کرکٹ اور فٹبال سے دلچسپی تھی لیکن میدان نہیں ہونے کی وجہ سے وہ اس طرف نہیں جا سکے۔ ان کے والد اسکینگ کے آلات بیچتے تھے۔ ایسے میں انہوں نے اس کھیل میں آگے بڑھنے کا منصوبہ بنایا۔ والد نے ان کے لیے دکان کے باہر ہی ایک چھوٹا سا سلوپ تیار کروا دیا۔ اس طرح عارف دھیرے دھیرے اسکینگ کے گُر سیکھتے رہے۔ عارف نے 12 سال کی عمر میں قومی سطح کے ٹورنامنٹ میں گولڈ میڈل جیتا، پھر انہوں نے 16 سال کی عمر میں جاپان میں بین الاقوامی سطح کے اسکینگ ایونٹ میں شرکت کی۔ 2011 میں عارف نے اتراکھنڈ میں منعقد جنوب ایشیائی سرمائی کھیلوں میں سلے لم اور جوائنٹ سلے لم مقابلوں میں گولڈ میڈل جیت کر کافی سرخیاں بٹوریں۔
غور طلب ہے کہ عارف نے دبئی میں اولمپک کوالیفائر میں الپائن اسکینگ سلے لم زمرہ میں کوٹہ حاصل کیا تھا۔ اس کے ایک ماہ بعد مونٹے نیگرو میں ایک ٹورنامنٹ میں جوائنٹ سلے لم کا کوٹہ بھی مل گیا۔ اب اولمپک گولڈ میڈلسٹ ابھینو بندرا اور نیرج چوپڑا نے عارف خان کو بہترین کارکردگی کے لیے نیک خواہشات پیش کی ہیں۔