برطانیہ کی مہارانی ایلزبتھ دوئم نے اپنی تاجپوشی کے 70 سال مکمل ہونے پر نئی رانی کے نام کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے ’پلیٹینم جوبلی‘ پر قوم کے نام پیغام میں کیمیلا کو رانی بنانے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ مہارانی ایلزبتھ نے کہا کہ پرنس چارلس کے راجہ بننے پر ان کی بہو کیمیلا کو رانی کے طور پر جانا جائے گا۔ مہارانی کے اس اعلان کے بعد برطانیہ میں راج شاہی کے مستقبل کو نئی سمت مل سکے گی۔ 95 سال کی مہارانی ایلزبتھ دوئم نے اپنے تحریری پیغام میں عوام کی حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں نے مجھ سے جو وفاداری دکھائی ہے اور جو پیار دیا ہے اس کے لیے میں ہمیشہ ممنون رہوں گی۔
مہارانی نے نوعمری سے اب تک، جو 7 دہائیوں پر محیط ہے، شاہی کنبہ کی قیادت کی اور ریاست برطانیہ کو بخوبی سنبھال رہی ہیں۔ اس طویل مدت کے دوران مہارانی کو کئی مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا بھی کرنا پڑا لیکن انہوں نے اپنے پختہ عزائم اور ذہانت کی بدولت برطانیہ کو کمزور نہیں ہونے دیا۔ مہارانی ایلزبتھ دوئم کا عہد برطانیہ کے لیے سنہریٰ دور ثابت ہوا ہے۔
غور طلب ہے کہ برطانیہ میں کنگ جارج پنجم کے دور میں 21 اپریل 1926 کو کوئن ایلزبتھ کی پیدائش ہوئی تھی۔ ان کے والد کنگ جارج ششم بھی بعد میں برطانیہ کے راجہ بنے۔ ایلزبتھ 6 فروری 1952 کو برطانیہ کی مہارانی بنیں تھیں جبکہ 2 جون 1953ء کو ان کی باضابطہ تاجپوشی ہوئی۔