جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) کی تاریخ میں پہلی خاتون وائس چانسلر کے نام  کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ وزارت تعلیم کے ذریعہ تقرری پر مہر لگانے کے ساتھ ہی پروفیسر شانتی شری دھُلی پُڑی پنڈت کو جے این یو کی پہلی خاتون وائس چانسلر بننے کا اعزاز حاصل ہو گیا۔ ان کی مدت کار 5 سال تک ہوگی۔ اس سے پہلے جے این یو کے وائس چانسلر ایم جگدیش کمار تھے جو اب یونیورسٹی گرانٹ کمیشن (یو جی سی) کے چئیرمین بن چکے ہیں۔ پروفیسر شانتی شری سے قبل جے این یو کے 12 وائس چانسلر ہوئے اور سبھی مرد تھے۔

شانتی شری دُھلی پُڑی وائس چانسلر بننے سے پہلے ساوتری بائی پھُلے پونے یونیورسٹی میں پروفیسرتھیں۔ 59 سالہ پروفیسر شانتی شری نے جے این یو سے ہی فلاسفی میں ماسٹرس اور پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ہے۔ انہوں نے اپنا ٹیچنگ کیریئر 1988ء میں گوا یونیورسٹی سے شروع کیا تھا جبکہ پونے یونیورسٹی میں وہ 1993ء میں پہنچی تھیں۔

غور طلب ہے کہ اپنی پانچ سال کی مدت کار پورا ہونے کے بعد ایم جگدیش کمار قائم مقام وائس چانسلر کے طور پر ابھی اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے تھے۔ ان کی تقرری جنوری 2016 میں ہوئی تھی۔ اس دوران 2019 میں جگدیش کمار ہاسٹل کی فیس بڑھائے جانے کی وجہ سے کافی سرخیوں میں بھی رہے۔ اس وقت جے این یو کا ماحول کافی تناؤ بھرا ہو گیا تھا جس کی وجہ سے انہیں کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔