حجاب تنازعہ پر فلمی ہستیوں کے رد عمل کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے۔ شبانہ اعظمی، جاوید اختر، کنگنا رانوت، رچا چڈھا جیسی کئی شخصیتوں نے اس تعلق سے اپنا اپنا نظریہ بیان کیا ہے۔ تازہ بیان اداکارہ سونم کپور کا سامنے آیا ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پر ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لوگوں سے سوال پوچھ ڈالا ہے اور اس سوال نے ہی سونم کپور کا حجاب تنازعہ پر ان کا نظریہ ظاہر کر دیا ہے۔
سونم کپور نے انسٹا اسٹوری پر جو تصویر ڈالی ہے اس میں ایک شخص پگڑی پہنے ہوئے ہے اور ایک خاتون حجاب میں ہے۔ اس تصویر کو سامنے رکھتے ہوئے سونم سوال پوچھتی ہیں کہ ’’پگڑی ایک متبادل ہو سکتی ہے تو پھر حجاب کیوں نہیں؟‘‘ ظاہر ہے اس سوال کے ذریعہ سونم کپور کا کہنا ہے کہ کسی بھی خاتون کو اس سلسلے میں فیصلہ کرنے کا حق ملنا چاہیے کہ وہ حجاب پہننا چاہتی ہے یا نہیں۔
غور طلب ہے کہ اس سے قبل اپنے ایک بیان میں مشہور نغمہ نگار جاوید اختر نے کہا تھا ’’میں کبھی حجاب کے حق میں نہیں رہا، میں اب بھی اس پر قائم ہوں۔ ساتھ ہی میں ان لڑکیوں کے چھوٹے گروپ کو ڈرانے کی کوشش کرنے والے غنڈوں کی بھی مذمت کرتا ہوں۔ کیا یہی ان کی مردانگی ہے؟‘‘ متنازعہ بیانات کے لیے مشہور کنگنا رانوت نے حجاب معاملہ پر کہا تھا کہ ’’اگر ہمت دکھانی ہے تو افغانستان میں برقع نہ پہن کر دکھاؤ، خود کو پنجرے سے آزاد کرنا سیکھیں۔‘‘