جھانوی کپور کے بعد سری دیوی کی دوسری بیٹی خوشی کپور بھی جلد ہی پردۂ سیمیں پر اپنا جلوہ بکھیرنے والی ہیں۔ بیرون ملک سے فلم میکنگ کورس مکمل کر کے لوٹیں خوشی اپنی پہلی فلم سائن بھی کر چکی ہیں۔ خود بونی کپور نے اپنی چھوٹی بیٹی کے فلموں میں آنے کی خبر کی تصدیق کی ہے۔
امید کی جا رہی تھی کہ خوشی کو ان کے والد ہی لانچ کریں گے لیکن ’آج تک ڈاٹ اِن‘ سے اس سلسلے میں بات کرتے ہوئے بونی نے صاف کر دیا ہے کہ ان کے بچوں کے ڈیبیو میں ان کا کوئی عمل دخل نہیں ہوگا۔ ساتھ ہی انہوں نے اس بات سے بھی انکار کیا ہے کہ خوشی جنوبی ہند کی فلموں سے ڈیبیو کریں گی۔ بونی نے بتایا کہ خوشی کی فلم کی شوٹنگ مارچ میں شروع ہو جائے گی۔ ساتھ ہی یہ بھی دعویٰ کیا کہ فلم موضوعِ بحث رہے گی اور یہ اس سال کی سب سے سرخیوں میں رہنے والی بڑے بجٹ کی فلم ہوگی۔
قابل ذکر ہے کہ بونی کپور نے مشہور و معروف پروڈیوسر ہونے کے باوجود اپنے بچوں کو لانچ نہیں کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب میرے بچوں کو اتنے بڑے پروڈکشن ہاؤس موقع دے رہے ہیں تو میں اسی سے خوش ہوں۔ حالانکہ بونی کپور نے اپنے بچوں کے ساتھ کام کرنے کے بارے میں کہا کہ جب موقع ملے گا تو ضرور ان کے ساتھ کام کروں گا۔ بونی جھانوی اور ارجن کے ساتھ فلم سائن کر کے اس کی شروعات بھی کر چکے ہیں۔