کرکٹ کو ’جنٹل مین گیم‘ کہا جاتا ہے، لیکن ٹی-20 لیگ شروع ہونے کے بعد سے اس کی شبیہ لگاتار خراب ہوتی جا رہی ہے۔ اکثر ہی کسی نہ کسی لیگ میں کوئی ایسا ناخوشگوار واقعہ پیش آ جاتا ہے جو اس کھیل کی قدر کم کر دیتا ہے۔ کچھ ایسا ہی نظارہ پی ایس ایل کے ایک مقابلے میں دکھائی دیا جب پاکستانی گیندباز حارث رؤف نے کیچ چھوڑنے پر ساتھی کھلاڑی کو زوردار طمانچہ رسید کر دیا۔
یہ شرمناک واقعہ 21 فروری کو پیش آیا جب پشاور زلمی اور لاہور قلندر کی ٹیمیں کھیل رہی تھیں۔ میچ کا پہلا ہی اوور شروع ہوا تھا اور حارث رؤف کی دوسری ہی گیند پر حضرت اللہ ززئی کا کیچ کامران غلام سے چھوٹ گیا۔ حارث کیچ چھوٹنے سے اتنے برہم ہوئے کہ انہوں نے کامران کو زوردار تھپڑ لگا دیا۔ کرکٹ گراؤنڈ پر پاکستانی گیندباز کی یہ شرمناک حرکت کیمرے میں قید ہو گئی اور یہ جنٹل مین گیم ایک بار پھر داغدار ہو گیا۔
بہرحال، پاری کے 1.2 اوور میں پیش آئے اس واقعہ کی بعد میں تلافی ہو گئی۔ جب شاہین آفریدی میچ کا 17واں اوور پھینک رہے تھے تو پشاور کے بلے باز طلعت نے ایک سیدھا شاٹ کامران غلام کے پاس کھیل دیا اور رن کے لیے دوڑ پڑے۔ کامران نے گیند پکڑی اور سیدھا وکٹ پر مار کر طلعت کو پویلین کا راستہ دکھا دیا۔ اس موقع پر حارث رؤف نے کامران کو گلے لگایا اور انہیں پیار سے پچکارا بھی۔ شاید حارث کو بھی اپنی غلطی کا احساس ہو چکا تھا۔