روس-یوکرین جنگ پر پوری دنیا کی نظر ہے۔ ایسے میں فلمی ستارے بھی اس سلسلے میں اپنے جذبات ظاہر کرنے لگے ہیں۔ اداکارہ پرینکا چوپڑا یوکرین کے حالات دیکھ کر کافی پریشان ہیں اور انہوں نے اس سلسلے میں ایک ویڈیو شیئر کیا ہے جو یوکرینی عوام کا درد بیان کرتا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یوکرین میں افرا تفری مچی ہوئی ہے اور لوگ خود کو بچانے کے لیے محفوظ مقامات کی طرف بھاگنے کے لیے مجبور ہیں۔ وہ کافی پریشان ہیں اور انہیں یہ معلوم نہیں ہے کہ کل کیا ہوگا۔ یوکرین کا یہ منظر دیکھ کر کسی کی بھی آنکھیں نم ہو جائیں گی۔
پرینکا چوپڑا نے یوکرین کی عوام کے تئیں فکر ظاہر کرتے ہوئے لکھا ہے ’’وہاں کے حالات ڈراؤنے نظر آ رہے ہیں۔ بے قصور لوگ اپنے اور اپنے چاہنے والوں کی زندگی کے لیے ڈر میں جی رہے ہیں۔ مستقبل سے متعلق غیر یقینی صورت حال کو محسوس کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘ پرینکا نے موجودہ جدید ترین دنیا میں ایسے خوفناک حالات پر حیرانی ظاہر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’اس ’وار زون‘ میں بے گناہ اور بے قصور لوگ رہ رہے ہیں۔ وہ آپ کی اور میری طرح ہیں۔‘‘
پرینکا کے پوسٹ کے بعد دوسرے لوگ بھی اس پر اپنا رد عمل ظاہر کر رہے ہیں اور وہاں کے حالات پر اپنی فکر ظاہر کر رہے ہیں۔ غور طلب ہے کہ پرینکا سماجی اور عالمی معاملوں پر اپنی رائے بے باکی کے ساتھ رکھنے سے کتراتی نہیں ہیں۔