حجاب تنازعہ اس وقت پورے ہندوستان میں موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔ ایسے میں ایک ہندوستانی ٹی وی سیریل میں بھی ’حجاب‘ کی انٹری ہونے والی ہے۔ سیریل کا نام ہے ’رکشابندھن- رسال اپنے بھائی کی ڈھال‘۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سیریل کی شوٹنگ کے دوران چھوٹے پردے کی مشہور اداکارہ شین داس کو حجاب میں دیکھا گیا ہے۔ شین نے سیریل میں اپنے حجاب والے کردار کا تعارف بھی پیش کیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ’’شو میں میری نئی انٹری ہوئی ہے۔ اسے آپ کیمیو کہہ سکتے ہیں۔ میں اس میں بجلی نام کا منفی کردار نبھاؤں گی۔‘‘
شین داس کے بیان سے ظاہر ہے کہ ان کا کردار منفی ہے، اور چونکہ وہ حجاب میں رہیں گی تو اس پر ایک نیا تنازعہ شروع ہو سکتا ہے۔ ویسے تو ٹی وی سیریل یا فلموں میں باحجاب خواتین کا منفی کردار نبھانا کوئی نئی بات نہیں ہے، لیکن حجاب تنازعہ کے دوران ’رکشابندھن‘ کی کہانی میں ٹوئسٹ لانا ٹی آر پی حاصل کرنے کی کوشش ہو سکتی ہے۔ اندیشہ یہ بھی ہے کہ سیریل میں حجاب کو بدنام کرنے کی کوشش ہو۔
بہرحال، شین داس نے ’رکشابندھن‘ میں انٹری کے بعد پیدا حالات کا تذکرہ بھی کیا۔ انھوں نے بتایا کہ ’’میری وجہ سے شیوا کو بہت بڑی پریشانی سے نبرد آزما ہونا پڑتا ہے۔ انھیں گھر، گاؤں اور ملک کو بچانا ہے۔ یہ بہت ہی بے رحم اور سرد کردار ہے۔‘‘ یہ بیان بھی ظاہر کرتا ہے کہ سیریل میں حجاب کے ساتھ کسی خرافات کی تیاری ہو رہی ہے۔