ہندوستان میں موب لنچنگ کے واقعات رکنے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔ ابھی کچھ ہی دن ہوئے ہیں جب بہار میں مسلم نوجوان کو شرپسند افراد نے بری طرح پیٹا اور موت کی نیند سلا دیا۔ اب مہاراشٹر میں بھی کچھ ایسا ہی معاملہ منظر عام پر آیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خوابوں کی نگری ممبئی واقع انٹاپ ہِل میں کچھ لوگوں نے 29 سالہ مسلم نوجوان عبدالسلام منور علی سید کی پٹائی کی اور پھر اسے نذرِ آتش کرنے کی بھی کوشش ہوئی۔
بتایا جاتا ہے کہ معاملہ اتوار کی شب کا ہے۔ جیسے ہی پولس کو اس واقعہ کی اطلاع ملی، وہ جائے واقعہ پر پہنچی اور لاش کو سرکاری اسپتال بھیجا۔ پولس نے جائے وقوع سے کچھ سیمپل حاصل کیے ہیں جنھیں فورنسک لیب میں بھیجا گیا ہے۔ اس سے یہ پتہ کیا جا سکے گا کہ عبدالسلام کو کس کیمیکل کے ذریعہ نذرِ آتش کرنے کی کوشش ہوئی۔ پولس کا کہنا ہے کہ پہلے اس شخص کی پٹائی کی گئی جس سے وہ بیہوش ہو گیا، اور پھر اس کے جسم پر کسی آتش گیر مادہ کو چھڑکا گیا تاکہ جلایا جا سکے۔
اس معاملے میں پولس نے سوموار کو نامعلوم افراد کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 302 اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت معاملہ درج کر لیا ہے۔ ایک پولس افسر نے بتایا کہ مہلوک نوجوان عبدالسلام کو کچھ لوگوں نے انٹاپ ہِل علاقے میں بلایا تھا جہاں پر اس کی بہت پٹائی کی گئی۔ مہلوک کے سر پر شدید چوٹ کے نشانات بھی دیکھے گئے۔