یوکرین پر روسی حملے نے شدت اختیار کر لی ہے۔ سینکڑوں معصوم شہری ہلاک ہو چکے ہیں اور کیف کے بعد خرکیف پر روسی میزائل اور گولہ بارود داغے جا رہے ہیں۔ اس درمیان ہندوستان میں یوکرین کے سفیر ڈاکٹر ایگور پولیکھا نے ایک ایسا بیان دے دیا ہے جس پر تنازعہ شروع ہو گیا ہے۔ انھوں نے یوکرین پر روس کے ذریعہ کیے گئے حملے کو مغلوں کے ذریعہ راجپوتوں پر کیے گئے حملے کے مترادف قرار دیا ہے۔
ڈاکٹر ایگور نے نئی دہلی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے یہ بیان دیا۔ انھوں نے کہا کہ یوکرین پر روس کا حملہ کچھ ویسا ہی ہے جیسے ہندوستان کی تاریخ میں راجپوتوں کی مغلوں نے نسل کشی کی تھی۔ ہم ہر وقت دنیا کے بااثر لیڈروں، بشمول وزیر اعظم مودی سے اپیل کرتے رہے ہیں کہ آپ لوگ ہر وہ وسائل استعمال کیجیے جس سے روسی صدر پوتن کو یوکرین پر حملہ کرنے سے روکا جا سکے۔
یوکرین کے سفیر ڈاکٹر ایگور پولیکھا کے اس بیان پر رکن پارلیمنٹ اور آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین کے سربراہ اسدالدین اویسی نے سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’عزت مآب کو قرون وسطی کی ہندوستانی تاریخ کے بارے میں اپنی آدھی ادھوری جانکاری کو اپنے پاس رکھنی چاہیے۔ جو کچھ ہو رہا ہے اس کی غلط نمائندگی کے علاوہ یہ اسلاموفوبیا کا اثر ہے۔ آخر انھیں نریندر مودی کی توجہ حاصل کرنے کے لیے ’مغلوں‘ کا استعمال کرنے کا خیال کہاں سے آیا؟‘‘