آپ نے بچپن میں کاغذ پر مچھلی کی تصویر تو کئی بار بنائی ہوگی۔ لیکن کیا اس مچھلی کو آپ نے کبھی زندہ کرنے کا کارنامہ انجام دیا ہے؟ یقیناً آپ کا جواب ہوگا ’نہیں‘۔ لیکن ایک نوجوان نے کاغذ پر بنائی گئی مچھلی کو زندہ کر کے مشہور و معروف اداکارہ ملائیکہ اروڑا کو حیران کر دیا۔ مچھلی کو زندہ کرنے کا یہ واقعہ سونی ٹی وی کے مقبول پروگرام ’انڈیاز گوٹ ٹیلنٹ‘ میں پیش آیا۔ اس جادو کو کرنے والے نوجوان کا نام ہے ابھشیک آچاریہ۔

سونی ٹی وی نے اپنے یوٹیوب چینل پر ابھشیک آچاریہ کی ویڈیو ڈالی ہے جس میں ملائیکہ اروڑا کے ساتھ ساتھ دیگر جج کرن کھیر اور کرن جوہر بھی کاغذ میں بنی مچھلی کو زندہ ہوتے دیکھ حیرت میں پڑ جاتے ہیں۔ حالانکہ یہ اُس شو کی ویڈیو ہے جو بہت پہلے ٹی وی پر آ چکی ہے۔ لیکن ایک بار پھر سونی ٹی وی نے اسے شیئر کیا ہے اور 24 گھنٹے میں ہی اسے 60 ہزار سے زائد لوگوں نے دیکھ لیا۔

ویڈیو میں ابھشیک اسٹیج پر آتے ہیں اور ملائیکہ اروڑا کو کاغذ میں بنی مچھلی دکھا کر اسے بوسہ دینے کہتے ہیں۔ ملائیکہ کے بوسہ دینے کے بعد ابھشیک اس کاغذ کو موڑ کر کرن کھیر کے سامنے رکھے گلاس کے پاس جاتے ہیں۔ اپنی جیب سے لائٹر نکال کر اس کاغذ کو جلاتے ہیں اور گلاس میں ڈال دیتے ہیں۔ اچانک گلاس میں تیرتی ہوئی مچھلی نظر آتی ہے۔ یہ جادو دیکھ کر وہاں موجود سبھی تالیاں بجانے لگتے ہیں۔