شہریوں کو محفوظ راہداری دینے کے لیے روس نے یوکرین میں جنگ بندی کا اعلان کیا ہوا ہے، لیکن خطرناک حالات ہنوز برقرار ہیں۔ اس درمیان روس پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کے الزامات بھی عائد کیے جا رہے ہیں۔ خبروں کے مطابق روسی فوج نے ماریوپول میں گولی باری کی ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ یوکرین پر روسی حملے نے کئی ممالک کے ساتھ ساتھ انفرادی طور پر بھی لوگوں کو پریشان کر دیا ہے۔ اس کی تازہ مثال اس وقت دیکھنے کو ملی جب ایک برطانوی شہری نے اپنی بیوی سے کہا کہ ’باہر ٹہلنے جا رہا ہوں‘، اور پھر فلائٹ پکڑ کر یوکرین روانہ ہو گیا۔

دراصل ’دی اسکاٹش سَن‘ نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں برطانوی شہری کا بیان سامنے آیا ہے۔ اس نے بتایا کہ وہ ٹہلنے کے بہانے گھر سے نکلا تھا۔ اس نے اپنی بیوی سے جھوٹ اس لیے بولا کیونکہ وہ یوکرینی فوج کی مدد کے لیے یوکرین جانا چاہتا تھا۔ غیر ملکی اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق یہ شخص سابق فوجی ہے اور برطانیہ کے ویرل علاقے کا باشندہ ہے۔ یہ شخص اپنی بیوی سے جھوٹ بول کر پہلے تو فلائٹ سے پولینڈ پہنچ گیا، اور پھر وہاں سے سرحد پار کر یوکرین میں داخل ہو گیا۔

اس شخص نے بتایا کہ وہ اپنا نام بتانا نہیں چاہتا کیونکہ جب بیوی کو پتہ چلے گا تو وہ ڈر جائے گی۔ سابق فوجی نے یہ بھی بتایا کہ اس کے دو بچے ہیں، اور جلد ہی فون کر کے بیوی بچوں کو سب سمجھا دوں گا۔