شین وارن کے اچانک انتقال سے پوری کرکٹ دنیا صدمے میں ہے۔ اس دوران گزشتہ دنوں ہندوستانی لیجنڈ کھلاڑی سنیل گواسکر کے ذریعہ وارن پر کیے گئے تبصرے سے کرکٹ شیدائی انتہائی ناراض ہو گئے ہیں۔ انہیں اپنے چہیتے کھلاڑی وارن کی ناقدری بالکل پسند نہیں آ رہی۔ دراصل کچھ دنوں پہلے سنیل گواسکر نے عالمی کرکٹ کے عظیم اسپنر شین وارن کو متھیا مرلی دھرن اور انل کمبلے سے نیچے بتایا تھا۔ یہ بات وارن کے شیدائیوں کو چبھ گئی اور انہوں نے گواسکر کو آڑے ہاتھوں لینا شروع کر دیا۔

شین وارن کے خلاف گواسکر کے اس تبصرہ پرسوشل میڈیا پر بھی ردعمل کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ ایک صارف نے اس تبصرے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے گواسکر پر کسی بھی طرح کے انٹرویو میں حصہ لینے پر پابندی لگانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ ایک دیگر صارف نے اسے بہت غلط بات بتاتے ہوئے لکھا ہے ’’صرف ہندوستان میں اور ہندوستانی بلے بازوں کے خلاف بہتر مظاہرہ نہیں ہونے کی وجہ سے گواسکر نے وارن کو عظیم ترین اسپنر ماننے سے انکار کر دیا۔ یہ شرمناک ہے۔‘‘ فاکس کرکٹ نے بھی اس سلسلے میں ٹوئٹ کیا جس میں لکھا ہے ’’شرمناک: ہندوستان کے لیجنڈ کی وارن کو ’عام‘ کہنے پر تنقید۔‘‘

غور طلب ہے کہ گواسکر نے کہا تھا کہ وارن کا ریکارڈ ہندوستان کے خلاف بہت ہی خراب ہے۔ اسپن کو بہتر کھیلنے والے ہندوستانی بلے بازوں کے خلاف انہیں زیادہ کامیابی نہیں ملی اس لیے میں انہیں عظیم ترین اسپنر نہیں مانتا بلکہ مرلی دھرن کو ان سے آگے رکھوں گا۔