درخت کو کاٹنے پر کئی بار اس میں مختلف انداز کی تصویریں یعنی خاکہ ظاہر ہونا کوئی نئی بات نہیں ہے۔ درخت کی ٹہنی میں کسی ہندو بھگوان جیسا خاکہ یا پھر جانور جیسا خاکہ دیکھے جانے کی خبریں سامنے آتی رہی ہیں۔ لیکن بہار کے سارن ضلع میں ایک ایسا معاملہ سامنے آیا ہے جس نے سبھی کو حیران کر دیا ہے۔ جب ایک شخص نے خشک درخت کی ٹہنیوں کو کاٹا تو ایک ٹہنی میں حجاب والی لڑکی کی تصویر دکھائی دی۔ اس ٹہنی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
میڈیا میں آ رہی خبروں کے مطابق معاملہ سارن ضلع کے تاجپور قبرستان کا ہے۔ شاہ پور گاؤں باشندہ عبدالمنان کے باغیچے کے پاس قبرستان میں ایک توت کا درخت تھا جسے انھوں نے خشک ہونے پر کاٹ دیا۔ اس درخت کو کاٹنے کے بعد ایک ٹَہنی میں لڑکی کی تصویر دکھائی دی جس نے حجاب پہن رکھا ہے۔ یہ خبر علاقے میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور لوگوں کی بھیڑ ٹہنی دیکھنے جمع ہو گئی۔ لوگ لگاتار عبدالمنان کے گھر پہنچ رہے ہیں اور ٹہنی میں باحجاب لڑکی کے بنے خاکہ کو دیکھ رہے ہیں۔
مقامی باشندہ محمد الیاس کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ اسے قدرت کا کرشمہ بتا رہے ہیں اور کچھ لوگ توہم پرستی قرار دے رہے ہیں۔ لیکن یہ سچ ہے کہ ٹہنی میں باحجاب لڑکی کی تصویر دکھائی دے رہی ہے۔ بہرحال، حجاب تنازعہ کے دوران ٹہنی میں باحجاب لڑکی کی تصویر موضوعِ بحث بن گئی ہے۔