کراچی میں دوسرے ٹیسٹ کے لیے پاکستانی ٹیم نے نیٹ پریکٹس شروع کر دی ہے۔ اس دوران پاکستانی تیز گیندباز شاہین آفریدی سبھی کی نظریں اپنی طرف مبذول کرا رہے ہیں۔ دراصل شاہین پریکٹس کے دوران تیز گیندبازی کی جگہ اسپن گیندبازی کرتے نظر آ رہے تھے۔ اس کی سب سے خاص بات یہ تھی کہ ان کا ایکشن بالکل ہندوستانی آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ کی طرح تھا۔ یہ ویڈیو سامنے آنا تھا کہ سوشل میڈیا پر فوراً وائرل ہو گیا۔ شاہین آفریدی کے اس ایکشن پر لوگوں کا ردعمل آنا بھی شروع ہو گیا اور کئی نے تو اسے رویندر جیڈیجہ کی نقل قرار دے دیا۔
شاہین آفریدی کی گیندبازی کا ویڈیو شیئر کرنے والے ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا ’’یہاں بہت سارے رویندر جڈیجہ ہیں، تھوڑے ہائٹ میں اونچے ہیں۔ شاہین آفریدی کی لیفٹ آرم اسپن گیندبازی کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔ بالوں میں بھی اچھال ہے۔‘‘ دوسرے نے اسے 100 فیصد رویندر جڈیجہ کا ایکشن قرار دیا۔ ایک نے لکھا کہ ’’لگتا ہے جڈیجہ نے موہالی سے غلط فلائٹ پکڑ لی ہے اور بنگلورو کی جگہ کراچی پہنچ گئے ہیں۔‘‘
غور طلب ہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ ڈرا ہو چکا ہے۔ امید ہے کہ کراچی میں کھیلے جانے والے میچ کا کوئی نتیجہ نکلے گا اور لوگوں کو ایک دلچسپ میچ دیکھنے کو ملے گا۔ خاص طور پر شاہین آفریدی سے پاکستان کو کافی امیدیں ہیں کہ وہ اپنی بہترین گیندبازی سے آسٹریلیا کو مشکل میں ڈالیں۔ دوسرا ٹیسٹ 12 مارچ سے کھیلا جائے گا۔