رمیز راجہ جب سے پی سی بی کے چیئرمین بنے ہیں وہ پاکستانی کرکٹ کو نئی بلندیوں تک لے جانے کی پوری جدوجہد کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں اب وہ ’پاکستان سپر لیگ‘ کو ’آئی پی ایل‘ کے برابر کھڑا کرنے کا خواب دیکھنے لگے ہیں اور کئی بڑے بڑے دعوے بھی کر رہے ہیں۔ رمیز راجہ نے اشارہ دیا ہے کہ اگلے سال سے پاکستان سپر لیگ میں بھی آئی پی ایل کی طرز پر ہی کھلاڑیوں کی نیلامی کا ماڈل اپنایا جا سکتا ہے۔
واضح ہو کہ اس وقت پاکستان کرکٹ بورڈ ریوینیو کے لیے پی ایس ایل اسپانسرشپ اور آئی سی سی پر ہی منحصر ہے لیکن زیادہ ریوینیو کے لیے وہ آئی پی ایل کا ماڈل اپنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ رمیز راجہ نے کہا کہ نیلامی ماڈل کے سلسلے میں ابھی بازار مفید ہے، اس سلسلے میں سبھی ٹیموں کے ساتھ بات چیت کی جائے گی۔
حالانکہ رمیز راجہ جہاں ایک طرف آئی پی ایل ماڈل کو اپنانے کی بات کر رہے ہیں وہیں دوسری طرف وہ اس لیگ کی تنقید بھی کر رہے ہیں۔ انہوں نے آئی پی ایل پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا ’’یہ اب پیسے کا کھیل ہے۔ جب پاکستان میں کرکٹ کی معیشت بڑھے گی تو ہماری عزت بڑھے گی۔ ہم اگر پی ایس ایل کو نیلامی ماڈل میں لاتے ہیں اور پرس بڑھاتے ہیں تو میں اسے آئی پی ایل کے ساتھ میں رکھوں گا۔ اور پھر ہم دیکھیں گے کہ کون پی ایس ایل کے اوپر آئی پی ایل کھیلنے جاتا ہے۔‘‘