ماروَل اسٹوڈیوز کی مشہور سیریز ’مِس مارول‘ کا ٹریلر ریلیز ہو چکا ہے۔ اس میں 16 سال کی پاکستان نژاد امریکی ایمان ولاّنی پہلی مسلم سپرہیرو کملا خان کا کردار ادا کرتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔ ٹریلر میں کملا خان کو جرسی سٹی کی ایک جواں سال سپرہیرو کے طور پر دکھایا گیا ہے جو اپنی ذمہ داریوں اور نوعمری کی زندگی کے درمیان توازن بناتی دکھائی دے رہی ہے۔ ساتھ ہی وہ نماز پڑھ کر اپنے دینی فریضہ کی ادائیگی بھی کر رہی ہے۔

اس سیریز میں کملا خان کا کردار ادا کر رہی ایمان ولّانی ’سپرہیرو‘ کے طور پر زبردست ایکشن کرتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ ’مس مارول‘ کی کہانی جرسی سٹی کی ایک عام لڑکی کملا خان کے ارد گرد گھومتی نظر آرہی ہے جسے اچانک کچھ ایسی غیر معمولی طاقتیں حاصل ہو جاتی ہیں جس کے ذریعہ وہ پوری دنیا کو بچانے نکل پڑتی ہے۔ اس سیریز کو ثنا امانت، اسٹیفن ویکر، جی وِلو وِلسن، ایڈرین الفونا اور جیمی میک کیلوی کے ذریعہ بنائے گئے مارول کامکس کردار کی بنیاد پر بنایا گیا ہے۔ اس کے مصنف علی ہیں، ہدایت کاری ایل عربی اور بلال فلاح نے کی ہے۔

چھ ایپی سوڈ پر مشتمل اس سیریز میں اہم کردار ادا کر رہی ایمان ولّانی کے علاوہ ساگر شیخ، ارامس نائٹ، میٹ لنٹز، جینوبیا شراف اور موہن کپور بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھاتے ہوئے نظر آئیں گے۔ ’مس مارول‘ ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار پر 8 جون کو ہندی، تمل، تلگو، ملیالم اور انگریزی میں ریلیز ہوگی۔