ناگالینڈ نے 19 مارچ کو ہندوستان کی تاریخ میں اس وقت ایک نئے باب کا آغاز کر دیا جب ریاستی اسمبلی پوری طرح ’پیپرلیس‘ یعنی ڈیجیٹل ہو گئی۔ سنیچر کے روز پوری طرح سے پیپرلیس ہونے کے لیے قومی ’ای-وِدھان ایپلی کیشن‘ (NeVa) پروگرام کو نافذ کیا گیا۔ اس عمل کے ساتھ ہی ناگالینڈ پیپرلیس اسمبلی ہونے کا فخر حاصل کرنے والی ملک کی پہلی ریاست بن گئی۔ ناگالینڈ اسمبلی سکریٹریٹ نے چل رہے بجٹ اجلاس کے درمیان 60 اراکین کی اسمبلی میں ہر ٹیبل پر ایک ٹیبلٹ یا ای-بک کو جوڑا ہے۔

اس تعلق سے پارلیمانی امور کے مرکزی وزیر پرہلاد جوشی نے ٹوئٹ کر جانکاری دی۔ انھوں نے اس میں لکھا ہے کہ ’’نیشنل ای-وِدھان منصوبہ کو کامیابی کے ساتھ نافذ کرنے والی ناگالینڈ اسمبلی ہندوستان کی پہلی اسمبلی بن گئی ہے۔ اب اراکین ایوان کی کارروائی میں حصہ لینے کے لیے الیکٹرانک سامانوں کا استعمال کر سکتے ہیں۔ یہ کاغذ سے پاک نظام کو فروغ دیتا ہے۔‘‘

غور طلب ہے کہ ’نیشنل ای-وِدھان ایپلی کیشن‘ یعنی نیوا کا کام پرہلاد جوشی کی نگرانی میں چل رہا ہے۔ نیوا دراصل این آئی سی کلاؤڈ، میگھراج پر موجود کام کا ایک نظام ہے۔ یہ ایوان کے سربراہ کو کارروائی بہتر انداز سے چلانے اور ایوان کو پیپرلیس بنانے میں مدد کرتا ہے۔ نیوا کا مقصد سبھی ریاستی اسمبلیوں کو ایک اسٹیج پر لانا ہے تاکہ موجودہ پیچیدگیوں کو ختم کیا جا سکے۔ پیپرلیس اسمبلی یا ای-اسمبلی ایک ایسا تصور ہے جس میں اسمبلی کے کام کو آسان بنانے کے لیے الیکٹرانک سامانوں کا استعمال کیا جائے گا۔