ہندوستانی کرکٹر شریئس ایّر اپنی بہترین کارکردگی کی بدولت اس وقت کرکٹ شیدائیوں کے پسندیدہ کھلاڑیوں میں شمار ہونے لگے ہیں۔ حالیہ آئی پی ایل نیلامی میں کولکاتا نائٹ رائیڈرس نے انہیں12.5  کروڑ روپے میں خرید کر ٹیم کا کپتان بھی مقرر کر دیا ہے۔ آئی پی ایل شروع ہونے سے پہلے ایّر نے ایک شو میں اپنے پسندیدہ کپتان کے بارے میں بات کی جو کہ نہ تو وراٹ کوہلی تھے اور نہ ہی روہت شرما۔ شریئس کے پسندیدہ کپتان کے. ایل. راہل ہیں جنھیں جنوبی افریقی دورے میں مجبوراً کپتانی کرنی پڑی تھی۔

شریئس ایّر نے راہل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں کھیلنے کا تجربہ اچھا تھا۔ وہ کھلاڑیوں کی جس طرح حمایت کرتے ہیں وہ بہتر لگتا ہے۔ وہ کافی نرم مزاج ہیں اور میدان پر آسانی سے فیصلے لیتے ہیں۔ مجھے ان کی قیادت میں کھیلنے میں کافی مزہ آیا۔ ایّر نے میدان  پر اور ٹیم کی میٹنگوں میں راہل کے اندر نظر آنے والی خود اعتمادی کی بھی ستائش کی۔  اس دوران ایّر نے مذاقاً کہا کہ راہل نے مجھے تین اوور گیندبازی کرنے بھی دی، جیسا پہلے کسی کپتان نے نہیں کیا تھا، ہاں! وہ میرا پسندیدہ کپتان ہیں۔

میڈیا کے ساتھ ورچوئل گفتگو میں ایّر نے اپنی نئی ٹیم کولکاتا نائٹ رائیڈرس کے مالک شاہ رخ خان کے سلسلے میں کہا کہ وہ جس طرح اپنی ٹیم کی حمایت کرتے ہیں، قابل تعریف ہے۔ میں ان سے ملنے کے لیے بے تاب ہوں۔ جب بھی ان سے ملوں گا شاید تھوڑا پاگل ہو جاؤں گا۔