آسٹریلیا کے ایک پرائیویٹ گرلس اسکول میں حیران کرنے والا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اسکول کی کچھ طالبات دونوں ہاتھوں اور دونوں پیروں کا استعمال کر کسی جانور کی طرح چل رہی ہیں۔ یہ طالبات ایک دوسرے کو بلی اور لومڑی وغیرہ کے طور پر پہچان رہی ہیں۔ حتیٰ کہ ان طالبات نے اپنے یونیفارم میں پونچھ کے لیے ایک سوراخ بھی کر دیا ہے۔ ان طالبات کی جانوروں جیسی حرکتیں دیکھ کر ان کے والدین انتہائی فکرمند ہیں۔
اس تعلق سے ’ڈیلی میل‘ نے ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ معاملہ آسٹریلیا کے برسبین گرلس گرامر اسکول کا ہے۔ یہاں کی کچھ طالبات تصور کر رہی ہیں کہ وہ انسان نہیں جانور ہیں۔ وہ آپس میں ایک دوسرے کو جانوروں والے نام سے مخاطب بھی کر رہی ہیں۔ وہ ہاتھوں اور پیروں کے سہارے چل رہی ہیں۔ ایک طالبہ کے سرپرست نے بتایا کہ جب ایک لڑکی خالی ڈیسک پر بیٹھی تھی تو دوسری لڑکی چیخ پڑی اور کہا ’’تم میری پونچھ پر بیٹھ گئی ہو۔‘‘
اپنی بچیوں کی ان حرکتوں سے ماں-باپ انتہائی پریشان ہیں۔ حالانکہ اسکول ترجمان نے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ اس معاملے میں برسبین کے ماہر نفسیات جیوڈتھ لوکے کا کہنا ہے کہ ’’اس طرح کی حرکتوں کے بارے میں سن کر حیران نہیں ہوں۔ یہ بس کچھ وقت کی بات رہتی ہے جب لوگ خود کو جانور کی طرح پہچاننا شروع کر دیتے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی وہ کہتے ہیں کہ اگر کسی طالبہ کی صحت پر اثر پڑتا ہے تو علاج کرانا چاہیے۔