آئی پی ایل 2022 کے شروع ہونے میں چند گھنٹے ہی باقی رہ گئے ہیں۔ ایسے میں کھلاڑی جی توڑ پریکٹس کر رہے ہیں۔ اس درمیان سنرائزرس حیدر آباد کے عمران ملک کا ایک ویڈیو وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ طوفان کی رفتار سے گیندبازی کرتے نظر آ رہے ہیں۔ گیند اس قدر تیز ہے کہ بلے باز صحیح طریقے سے سامنا نہیں کر پاتا اور بولڈ ہو جاتا ہے۔ عمران کی اسپیڈ دیکھ کر ایسا لگتا ہے جیسے وہ اس مرتبہ بلے بازوں کو زبردست پریشانی میں ڈالنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ جموں و کشمیر کے اس نوجوان تیز گیندباز پر سبھی کی نظریں مرکوز ہیں۔
غور طلب ہے کہ عمران ملک کو سنرائزرس حیدر آباد نے 4 کروڑ روپے میں ریٹین کیا ہے۔ ان کی گھریلو میچوں میں کارکردگی بہت اچھی رہی ہے جس وجہ سے ان سے کافی امیدیں وابستہ ہو گئی ہیں۔ کرکٹ شیدائی بھی ان کی گیند کی رفتار دیکھ کر کافی پُرجوش ہیں اور امید کر رہے ہیں کہ وہ تیز رفتار گیند پھینک کر کوئی نیا ریکارڈ ضرور بنائیں گے۔
عمران نے ابھی بہت زیادہ میچ نہیں کھیلے ہیں لیکن پھر بھی ان کی کارکردگی متاثر کن رہی ہے۔ 22 سالہ عمران نے اب تک صرف 3 فرسٹ کلاس میچ کھیلے ہیں جس میں 7 وکٹ لیے ہیں، جبکہ 8 ٹی 20 مقابلوں میں انہوں نے 11 وکٹ حاصل کیے ہیں۔ عمران نے لسٹ-اے میں ابھی تک کوئی بھی مقابلہ نہیں کھیلا ہے، پھر بھی اپنی رفتار کی بدولت لوگوں کی توجہ اپنی جانب کھینچنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔