بہار میں ضلع سپول کے گووندپور پنچایت میں 25 مارچ کو آتشزدگی کا ہولناک واقعہ پیش آیا جس میں کم و بیش 50 لاکھ کی ملکیت خاکستر ہو گئی۔ معاملہ گھٹہا وارڈ نمبر-10 کا ہے جہاں بوقت دوپہر بیشتر افراد جب نمازِ جمعہ پڑھنے گئے ہوئے تھے، یہ حادثہ پیش آیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ بجلی کا شارٹ سرکٹ ہے جس کی چنگاری نے سب سے پہلے محمد یونس کے گھر میں آگ لگائی، اور پھر دھیرے دھیرے اس نے خطرناک شکل اختیار کر لی۔ دیکھتے ہی دیکھتے 42 فیملی کے 60 آشیانے خاک میں مل گئے۔
آگ لگنے کے بعد جو لوگ علاقے میں موجود تھے، انھوں نے اسے بجھانے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہیں ہوئے۔ آگ کی وجہ سے کچھ گھروں کے سلنڈر بھی پھٹ گئے جس کے سبب لوگوں میں دہشت پیدا ہو گئی۔ افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا اور سبھی گھروں سے نکل کر کھلے آسمان کے نیچے جمع ہو گئے۔ کچھ لوگوں نے مقامی تھانہ کو فون کیا تاکہ فائر بریگیڈ کو بلایا جا سکے۔ تھانہ انچارج پربھاکر بھارتی نے پرتاپ گنج، بھیم پور اور ویرپور سے تین دمکلوں کو بھیجا اور بڑی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا جا سکا۔
واقعہ کی جانکاری ملتے ہی بی ڈی او شری رام پاسوان، پنچایت مکھیا اندو دیوی، پرمانندپور پنچایت کے مکھیا محمد اخلاق وغیرہ جائے حادثہ پر پہنچے اور متاثرہ کنبوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ تازہ خبروں کے مطابق سرکل انسپکٹر کے ذریعہ متاثرہ کنبوں کی فہرست تیار کر لی گئی ہے۔