وزیر اعظم نریندر مودی نے آج علی گڑھ میں راجہ مہندر پرتاپ سنگھ یونیورسٹی کا سنگِ بنیاد رکھا اور اس موقع پر اتر پردیش کی گزشتہ حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔ اتر پردیش کی گورنر آنندی بین پٹیل اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی موجودگی میں انھوں نے تقریر کے دوران کہا کہ 2017 سے قبل ریاست کی باگ ڈور بدعنوانوں کے حوالے تھی۔ ریاست میں غنڈے-مافیاؤں کی حکومت چلتی تھی۔ جب یوگی حکومت بنی تو ترقیاتی کام شروع ہوئے، اور اب وصولی کرنے والے، مافیا راج چلانے والے سلاخوں کے پیچھے ہیں۔
وزیر اعظم مودی نے اتر پردیش میں آئی تبدیلی کو لے کر کئی باتیں اپنی تقریر کے دوران کہیں۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ مجھے آج یہ دیکھ کر انتہائی خوشی ہوتی ہے کہ جس ریاست کو ملک کی ترقی میں ایک رکاوٹ کی شکل میں دیکھا جاتا تھا، وہی یو پی آج ملک کے بڑے منصوبوں کی قیادت کر رہا ہے۔ سماج میں ترقی کے مواقع سے جنھیں دور رکھا گیا، ایسے ہر سماج کو تعلیم اور سرکاری ملازمتوں میں مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
علی گڑھ کا تذکرہ کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ کل تک جو علی گڑھ تالوں کے ذریعہ گھروں، دکانوں کی حفاظت کرتا تھا، وہ اکیسویں صدی میں ہندوستان کی سرحدوں کی حفاظت کرنے کا کام کرے گا۔ ’وَن ڈسٹرک، وَن پروڈکٹ‘ کے ذریعہ سے یو پی حکومت نے علی گڑھ کے تالوں اور ہارڈ ویئر کو ایک نئی پہچان دلانے کا کام کیا ہے۔