معروف خاتون صحافی رعنا ایوب کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے لندن روانہ ہونے سے پہلے ممبئی ایئرپورٹ پر روک لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ رعنا کے خلاف جاری لُک آؤٹ سرکلر کے مدنظر یہ کارروائی کی گئی۔ افسران کے حوالے سے موصول خبروں کے مطابق سی بی آئی منی لانڈرنگ کے ایک معاملے میں ان سے پوچھ تاچھ کرنا چاہتی ہے اور ان کا بیان درج کرنا چاہتی ہے۔
افسران کا کہنا ہے کہ منگل کے روز رعنا لندن کے لیے روانہ ہونے والی تھیں جب امیگریشن افسران نے ایئرپورٹ پر انھیں روک لیا۔ اس کے فوراً بعد ای ڈی کی ایک ٹیم نے ہوائی اڈے پر ان سے پوچھ تاچھ کی اور انھیں جانچ میں شامل ہونے کے لیے کہا۔ ایسی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ رعنا کو یکم اپریل کو ای ڈی دفتر میں پیش ہونے کے لیے کہا گیا ہے۔ افسران نے کہا کہ ای ڈی نے قبل میں انھیں سمن بھی جاری کیا تھا۔ ایجنسی نے اس سال کے شروع میں بینک میں جمع 1.77 کروڑ روپے سے زیادہ کی ان کی رقم عارضی طور پر ضبط کر لی تھی۔
بیرون ملک روانگی سے روکے جانے پر رعنا ایوب نے ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے ’’مجھے انڈین امیگریشن کے ذریعہ روک دیا گیا جب میں صحافیوں کو ڈرانے-دھمکانے سے متعلق موضوع پر آئی سی ایف جے میں اپنی تقریر دینے لندن روانہ ہونے والی تھی۔ اس کے بعد ہندوستانی جمہوریت پر جرنلزم فیسٹیول کو خطاب کرنے کے لیے میرا اٹلی جانے کا پروگرام تھا۔‘‘