’کشمیری بوائے‘ عمران ملک نے اپنے پہلے ہی میچ میں رفتار کا جادو دکھا کر لوگوں کو اپنا مرید بنا لیا ہے۔ پہلے اوور میں 20 رن لٹانے کے بعد زبردست واپسی کرتے ہوئے عمران نے میچ میں 4 اوور میں 39 رن دے کر 2 وکٹ لیے جس میں طوفانی بلے باز جوس بٹلر اور دیودت پڈیکل کے وکٹ شامل ہیں۔ عمران کی رفتار دیکھ کر سابق ہندوستانی کوچ روی شاستری بھی دیوانے ہو گئے ہیں اور انہیں مستقبل کا سپراسٹار قرار دے دیا ہے۔
عمران ملک نے اپنے اسپیل میں کئی گیندیں 150 کیلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بھی ڈالیں جسے دیکھ کر روی شاستری نے کہا ’’عمران بہت ہنرمند ہے اور وہ کافی اچھا گیندباز ہے۔ اسے ہندوستانی ٹیم میں ہونا چاہیے۔ جب بھی وہ اعلیٰ سطح پر کھیلنے کے لیے تیار ہوں گے وہ ایک سپراسٹار بن کر نمودار ہوں گے۔‘‘
غور طلب ہے کہ 22 سالہ عمران ملک کا آئی پی ایل تک کا سفر جدوجہد بھرا رہا ہے۔ والد عبدالمالک پھل اور سبزی فروخت کرتے ہیں، اس لیے انہیں وہ ساری سہولیات نہیں مل سکیں جس کی ضرورت تھی۔ پھر بھی عمران نے اپنی لگن اور جہد مسلسل سے کنکریٹ کی پچ پر شروع کیے گئے کرکٹ کے سفر کو آئی پی ایل تک پہنچا دیا۔ عمران کو عالمی کرکٹ سے روبرو کرانے میں سب سے اہم کردار تجربہ کار پرویز رسول اور کوچ عرفان پٹھان کا ہے جو کشمیر میں ٹیلنٹ کھوج کھوج کر نکال رہے ہیں۔ حیدرآباد نے عمران کو 4 کروڑ روپے میں ریٹین کیا ہے۔