سوشل میڈیا کسی کو بھی لمحہ بھر میں شہرت دلا سکتا ہے۔ اس کی تازہ مثال ٹوپی والے وہ چچا ہیں جنھوں نے انگور فروخت کرنے کے لیے دلچسپ طریقہ اختیار کیا ہے۔ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو خوب وائرل ہو رہی ہے جس میں ٹوپی والے چچا بڑے آرام سے ٹھیلے پر بیٹھے ہوئے انگور فروخت کر رہے ہیں۔ اس کے لیے وہ ایسے ایسے الفاظ کا استعمال کر رہے ہیں جو لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کر رہا ہے۔ حالانکہ ان کا یہ انداز اس سے پہلے امرود فروخت کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا تھا، اور وہ ویڈیو بھی خوب وائرل ہوئی تھی۔
تازہ ویڈیو میں ٹوپی اور کرتہ-پائجامہ پہنے چچا ریہڑی پر بیٹھے ہوئے ہیں۔ ان کے ہاتھ میں چائے کا کپ ہے اور وہ کبھی چائے پی رہے ہیں تو کبھی آواز لگا رہے ہیں ’’انگور… کر لے دل کی خشکی دور، تم نہیں ہو گھر والوں سے مجبور، لے لو 15 روپے کے پاؤ انگور۔‘‘ اس ویڈیو میں کچھ لوگوں کے ہنسنے کی آواز بھی سنائی دے رہی ہے۔ اس سے ظاہر ہے کہ لوگوں کو چچا کا یہ انداز خوب پسند آ رہا ہے۔
گزشتہ دنوں ٹوپی والے چچا کی ایک دیگر ویڈیو امرود فروخت کرتے ہوئے وائرل ہوئی تھی۔ اس میں وہ سریلی آواز میں کہہ رہے تھے ’’یہ ہری-ہری، کچی-کچی، پیلی-پیلی، پکی-پکی، میٹھی-میٹھی، گدر-گدر، تازہ-تازہ، نمک لگا کے کھا جا-کھا جا۔ اس میں نہیں کس کا ساجھا۔‘‘ یہ ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی۔ اب انگور والی ویڈیو کے بعد ٹوپی والے چچا مزید مشہور ہو گئے ہیں۔