کیا آپ جانتے ہیں کہ ریاست بہار میں ایک ایسا گاؤں ہے جہاں کے لوگ اپنی زیادہ لمبائی کے لیے مشہور ہیں۔ یہ گاؤں مغربی چمپارن ضلع میں ہے اور لوریا واقع نندن گڑھ کے پیچھے بسا ہے۔ گاؤں کا نام ہے ’مرہیا‘۔ یہاں کے 90 فیصد لوگوں کی لمبائی 6 فیٹ سے زیادہ ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق اس گاؤں میں 600 لوگ ایسے ہیں جن کی لمبائی 6 فیٹ 3 انچ سے لے کر 6 فیٹ 9 انچ تک ہے۔ مرہیا میں تقریباً 250 گھر ہیں جس کی آبادی تقریباً 1400 ہے۔ اس گاؤں میں مرد ہی نہیں بلکہ لڑکیوں کی بھی لمبائی زیادہ ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ لمبائی زیادہ ہونے کی وجہ سے مردوں کو جہاں فائدہ ہوتا ہے، وہیں لڑکیوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ لڑکیوں کے لیے سب سے بڑا مسئلہ شادی ہے کیونکہ ان سے زیادہ لمبائی والا لڑکا ملنا مشکل ہو جاتا ہے۔ دوسری طرف مردوں زیادہ لمبائی کا فائدہ فوج میں بھرتی ہونے میں ملتا ہے۔ گاؤں کے ایک درجن سے زیادہ نوجوان اس وقت فوج میں بھرتی ہو کر ملک کی خدمت کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں تقریباً 120 بچے فوج میں بھرتی ہونے کی تیاری کر رہے ہیں جنھیں روزانہ صبح میدانوں میں دوڑتے دیکھا جا سکتا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ گاؤں میں تقریباً 100 گھر راجپوتوں کا ہے۔ یہ بنیادی طور پر بہار کے سیوان واقع ہلوار پیپرا گاؤں کے ہیں جو کوشک نسل کے راجپوت ہیں۔ پانچ نسلوں سے یہ مغربی چمپارن کے مرہیا گاؤں میں رہتے ہیں۔