مسلمانوں کے لیے رمضان المبارک کا مہینہ بہت فضیلت والا ہوتا ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس مہینے کا انتظار کرتے تھے، اور ان کی امت بھی انتظار کرتی ہے تاکہ اللہ رب العزت سے گناہوں کی معافی مانگے اور جنت کا سوال کرے۔ کیا آپ کو معلوم ہے کہ کچھ ہی سالوں میں ایک ایسا سال آنے والا ہے جسے دو رمضان المبارک نصیب ہوگا۔ وہ مبارک سال ہوگا 2030۔ یعنی مسلمانوں کی ایک نسل اب سے تقریباً 8 سال بعد ایک سال میں 2 رمضان المبارک پائے گی۔
سعودی ماہرفلکیات خالد الذقاق نے اس تعلق سے جانکاری دی ہے اور واضح کیا ہے کہ مسلمان سال 2030ء میں دو مرتبہ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ پائیں گے اور روزے رکھیں گے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اسلامی ہجری تقویم قمری ادوار پر مبنی ہے جبکہ گریگوری تقویم سورج کے گرد زمین کے گردش کی نشاندہی کرتی ہے۔ دونوں کیلنڈروں کے درمیان تفاوت کا مطلب یہ ہے کہ رمضان ایک گریگوری سال میں تقریباً ہر 30 سال میں دو بار آتا ہے۔
آخری بار ایسا 1997ء میں ہوا تھا، اور اس سے قبل 1965ء میں ہوا تھا۔ 2063ء میں ایک مرتبہ پھر دو بار رَمضان آئے گا۔ بہرحال، 1451ھ میں رمضان کا آغاز 5 جنوری 2030ء کے آس پاس ہوگا اور 1452ھ میں رمضان 26 دسمبر 2030ء کے آس پاس آئے گا۔ گویا کہ مسلمان 2030 میں مجموعی طور پر تقریباً 36 دن روزے رکھیں گے۔ یعنی سال 1451ھ میں 30 دن کا پورا مہینہ اور سال 1452 میں پانچ یا چھ دن۔