امریکہ کے نیو یارک واقع بروکلن سب وے اسٹیشن پر خون سے لپٹے اور درد سے روتے لوگوں کی ویڈیو سامنے آئی ہے۔ یہ ویڈیو منگل کی صبح ہوئی اندھا دھند فائرنگ کے بعد کی ہے جس میں کم و بیش 13 افراد زخمی ہوئے۔ کچھ میڈیا رپورٹس میں اموات کی خبریں بھی سامنے آئی ہیں، لیکن اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ حملہ منگل کی صبح 8 بجے ہوا جس کے بعد اسٹیشن پر ہر طرف افرا تفری پھیل گئی۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق حملہ آور گیس ماسک پہن کر اسٹیشن میں گھسا تھا۔ وہ کنسٹرکشن کمپنی کے کپڑے پہنے تھا۔ اچانک اس نے بندوق نکالی اور لوگوں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ اس کے بعد اس شرپسند نے بچنے کے لیے اسموک گرینیڈ پھینک دیا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ سب وے اسٹیشن میں ہر طرف دھواں پھیل گیا۔ حملہ آور سے متعلق بہت زیادہ جانکاری حاصل نہیں ہو سکی ہے۔ ایف بی آئی نے لوگوں سے کہا ہے کہ اگر حملہ آور کی کوئی جانکاری ان کے پاس ہے تو پولس کو مطلع کریں۔
ایسی کچھ خبریں سامنے آئی ہیں کہ جائے واقعہ سے دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوئے ہیں، حالانکہ نیو یارک پولس نے اس سے انکار کیا ہے۔ چشم دید افراد کو نیو یارک پولس ڈپارٹمنٹ سے رابطہ کے لیے کہا گیا ہے۔ حادثے کی جگہ کو خالی کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جن میں سے کچھ کی حالت سنگین ہے۔