ممبئی پولس کا ’خاکی اسٹوڈیو‘ اپنے یوٹیوب چینل پر لگاتار موسیقی پر مبنی ویڈیوز اَپ لوڈ کر رہا ہے۔ ان ویڈیوز کو لوگ خوب پسند بھی کر رہے ہیں۔ تازہ ویڈیو ’یا مصطفیٰ‘ نغمہ کی ہے جس کو ممبئی پولس نے بہت ہی لاجواب انداز میں پیش کیا ہے۔ ممبئی پولس نے مصر کے اس بے حد خوبصورت نغمہ کو نہایت سحر انگیز انداز میں تیار کیا ہے۔ اس ویڈیو کی کلپ وائرل ہو رہی ہے جس میں ممبئی پولس کے جوان خاکی پہنے ہوئے ہیں اور سیکسوفون، ٹرمپیٹ، بانسری اور موسیقی کے دیگر آلہ کے ساتھ ’یا مصطفیٰ‘ بجا رہے ہیں۔ اس کو سننے والے لوگ ممبئی پولس کی تعریف کیے بغیر نہیں رہ پائے۔
اس ویڈیو کو ’خاکی اسٹوڈیو‘ کے یوٹیوب چینل پر گزشتہ 10 اپریل کو شیئر کیا گیا تھا جس کے کیپشن میں لکھا گیا ہے ’’یا مصطفیٰ مصر کا ایک مشہور کثیر لسانی نغمہ ہے، جسے مصر کے مشہور و معروف موسیقار محمد فوزی نے ایک مصری فلم کے لیے تیار کیا تھا۔ اس نغمہ کے پرکشش سازوں نے لوگوں کو بہت متاثر کیا اور بعد میں اسے کئی زبانوں میں ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے کئی ورژن یوٹیوب پر موجود ہیں۔‘‘
غور طلب ہے کہ اس ویڈیو کو اب تک 22 ہزار سے زائد ویوز مل چکے ہیں۔ صارفین لگاتار اس ویڈیو پر اپنا رد عمل بھی دے رہے ہیں۔ کچھ صارفین نے ’خاکی‘ کے انداز کی تعریف کی ہے، تو کچھ نے لکھا ہے ’بہت بڑھیا! ممبئی پولس کے لیے ایک اسٹینڈنگ اوویشن تو بنتا ہے!‘