ہندوستانی کرکٹ کو اپنی بہترین خدمات دینے والے آف اسپنر ہربھجن سنگھ نے سیاسی اننگ کا آغاز کر دیا ہے۔ اور ایسا لگتا ہے کہ سیاسی میدان پر اترتے ہی انھوں نے ایسی ’اسپن گیندبازی‘ کی ہے جس کا کسی نے تصور بھی نہیں کیا تھا۔ کچھ دن پہلے ہی عام آدمی پارٹی کی طرف سے پنجاب میں راجیہ سبھا رکن کی سیٹ جیتنے والے ہربھجن سنگھ نے کسانوں کے حق میں ایک بڑا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے اپنی راجیہ سبھا کی تنخواہ کسانوں کے نام کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
یہ جانکاری ہربھجن سنگھ نے 16 اپریل کو کیے گئے ایک ٹوئٹ کے ذریعہ دی۔ انھوں نے ٹوئٹ میں لکھا ہے ’’بطور راجیہ سبھا رکن، میں کسانوں کی بیٹیوں کی تعلیم اور سماجی کاموں کے لیے اپنی راجیہ سبھا کی تنخواہ دینا چاہتا ہوں۔ میں اپنے ملک کو بہتر بنانے میں تعاون کرنا چاہتا ہوں اور میں وہ سب کچھ کروں گا، جو میں کر سکتا ہوں۔‘‘ ہربھجن سنگھ کے اس قدم کی ہر طرف تعریف ہو رہی ہے۔ کسان طبقہ بھی ہربھجن سنگھ کے اس فیصلے سے خوش نظر آ رہا ہے۔ اب دیکھنے والی بات یہ ہوگی کہ ہربھجن سنگھ کو راجیہ سبھا سے ملنے والی تنخواہ سے کس طرح کے کام انجام پاتے ہیں۔
غور طلب ہے کہ ہربھجن سنگھ نے گزشتہ سال 24 دسمبر کو ہی کرکٹ کے سبھی فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ امید کی جا رہی تھی کہ وہ کانگریس میں شمولیت اختیار کریں گے، لیکن انھوں نے عام آدمی پارٹی جوائن کرنے کا فیصلہ کیا۔