خاتون خانہ گھر کے نظام کا مرکز ہوتی ہے۔ ان کی کارکردگی اور مستعدی پر پورے گھر کا انحصار ہوتا ہے۔ رمضان المبارک میں تین شیڈول بہت اہمیت کے حامل ہوتے ہیں جن پر سبھی خواتین کو توجہ دینی چاہیے۔

وقت کا شیڈول: یہ شیڈول تو رمضان المبارک کی جان ہے۔ دن بھر کے کاموں کو ترتیب دینا کہ کون سا کام کتنے وقت میں انجام پانا ہے، بہت ضروری ہے۔ یہ ایسی حکمت عملی ہے جو روزمرہ کے کاموں میں آسانیاں پیدا کرے گی۔ رمضان میں کثرت سے تلاوت اور عبادت کی جاتی ہے اور ساتھ میں مختلف انواع کے پکوان بھی پکائے جاتے ہیں، ان دو عوامل کو مدنظر رکھ کر شیڈول ترتیب دیں۔

کچن کا شیڈول: آج کیا پکانا ہے یہ خواتین کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ رمضان میں یہ شدت اختیار کر لیتا ہے۔ ایسے پکوانوں کا چارٹ بنائیں جو کم وقت میں تیار ہوتے ہیں۔ کسی دن زیادہ وقت میں تیار ہونے والی ڈش بنائیں تو تھوڑی بہت دقتیں ہو سکتی ہیں۔ ممکن ہو تو شوہر اور بچوں کو کچن کے کاموں میں شامل کریں۔ پھل-سبزی کاٹنا، دسترخوان لگانا یا پلیٹیں سجانا، شربت بنانا، اس طرح کے کاموں کی تقسیم سے آپس میں اتحاد و اتفاق بڑھتا ہے۔

اخراجات کا شیڈول: رمضان میں اخراجات کچھ زیادہ ہی ہو جاتے ہیں۔ اس کے لیے آپ ہفتہ واری شیڈول بنائیں۔ کسی دن زیادہ خرچ بھی ہو گیا تو دوسرے دن ایڈجسٹ کیا جا سکتا ہے۔ ایک اہم بات، غیر متوقع اخراجات کے لیے کچھ رقم متعین کریں کیونکہ نہ جانے کب کیا ہو جائے؟