مغربی بنگال میں بھوانی پور اسمبلی حلقہ کے لیے ضمنی انتخاب کی تاریخ جیسے جیسے قریب آ رہی ہے، ترنمول کانگریس اور بی جے پی کی بیان بازیاں بھی تیز ہوتی جا رہی ہیں۔ بھوانی پور سے ترنمول کانگریس امیدوار اور مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بی جے پی کے ذریعہ بھوانی پور کو پاکستان کہے جانے کو لے کر حیرانی ظاہر کی ہے اور کہا ہے کہ ’’نندی گرام کو پاکستان بنانے کی بات کہی گئی تھی، اور بھوانی پور کو پاکستان بھی کہا جا رہا ہے۔ پاکستان کیوں، میں چاہتی ہوں کہ میرا ملک اور مادرِ وطن سب سے اچھا ہو۔‘‘ خیال رہے کہ ممتا بنرجی مغربی بنگال اسمبلی الیکشن میں نندی گرام سیٹ سے کھڑی ہوئی تھیں جہاں انھیں ہار کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
بہر حال، بی جے پی اور مرکزی حکومت کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ ’’پورے ملک کو فروخت کیا جا رہا ہے۔ اتنے سارے لوگوں کو کورونا ہوا، لاشوں کو عزت دی جانی چاہیے تھی لیکن سبھی نے دیکھا کہ کس طرح اسے گنگا میں بہایا گیا۔‘‘ بنگال میں خوشحالی لانے اور پرامن ماحول بنانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’میں آپ کے گھر کی ہوں۔ میں پھری بھی کھاتی ہوں اور حلوا بھی کھاتی ہوں۔ آپ امن سے رہیں، اچھے سے رہیں، میں یہی چاہتی ہوں۔ میں چاہتی ہوں کہ آپ سبھی ووٹ دیں، میں لڑتی رہوں گی، ہندوستان اور مغربی بنگال کی حفاظت کرتی رہوں گی۔‘‘