کھرگون، جہانگیر پوری، کرولی، سیندھوا اور روڑکی میں بلڈوزر کی کارروائی سے کئی مسلم خاندان بے گھر اور لاچار و بے بس ہو گئے ہیں۔ کچھ کا کاروبار تباہ ہو گیا ہے، تو کچھ کو رہنے کا ٹھکانہ نصیب نہیں۔ اس مشکل حالات میں کئی لوگوں نے مدد کا ہاتھ بڑھایا ہے جن میں کراؤڈ فنڈنگ سائٹ ’کیٹو‘ (www.ketto.org/) بھی شامل ہے۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ کیٹو پلیٹ فارم پر ’مائلس ٹو اسمائل فاؤنڈیشن‘ کے ذریعہ شروع اس امدادی مہم کے تحت ایک کروڑ روپے کی رقم جمع کرنے کا ہدف طے کیا گیا تھا جو 23 اپریل کو ہی حاصل ہو گیا۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس امدادی مہم میں بالی ووڈ کے مشہور و معروف اداکار ریتک روشن نے بھی حصہ لیا۔ سوشل میڈیا پر اس سلسلے میں امینہ کوثر نامی ٹوئٹر ہینڈل سے جانکاری دی گئی۔ انھوں نے 23 اپریل کو ریتک روشن کو مخاطب کرتے ہوئے کیے گئے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے ’’اس دور میں جب کوئی بھی اداکار مسلمانوں کے ساتھ کھڑا نہیں ہونا چاہتا، ایک مقصد کے لیے عطیہ کرنے اور رہنمائی کر کے دوسرے اداکاروں کے لیے مثال قائم کرنے کے لیے آپ کا شکریہ۔‘‘
امینہ نے ایک اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ ریتک روشن نے ایک لاکھ روپے کی امداد کی ہے۔ امینہ کے ٹوئٹ پر ایک ٹوئٹر صارف نے سوال کیا کہ ’’آپ کو یقین ہے کہ یہ ریتک روشن ہی ہیں؟‘‘ اس پر امینہ نے جواب دیا ’’ہاں، میں نے تصدیق کی ہے۔‘‘