یکم مئی 1922 کو دہلی یونیورسٹی کا قیام عمل میں آیا تھا۔ اس طرح آج یعنی یکم مئی 2022 کو اس یونیورسٹی نے اپنے 100 سال مکمل کر لیے ہیں۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے گزشتہ 100 سالوں کی یادوں اور اس کے سفر کو خاص طریقے سے ایک تقریب کے دوران پیش کیا گیا۔ تقریب میں نائب صدر ایم ونکیا نائیڈو اور مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان سمیت کئی دیگر معزز شخصیات نے بھی شرکت کی۔
واضح رہے کہ ہندوستان میں تقریباً 45 مرکزی یونیورسٹیز ہیں، اور ان میں دہلی یونیورسٹی سب سے بڑی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جب اس کے قیام کے 100 سال مکمل ہوئے تو خاص انتظام بھی کیا گیا۔ یادگاری ٹکٹ کا اجراء عمل میں آیا، 100 روپے کا یادگاری سکہ بھی جاری ہوا اور دہلی یونیورسٹی کے ذریعہ حاصل کردہ تاریخی حصولیابیوں کا ایک جائزہ بھی پیش کیا گیا۔ اتنا ہی نہیں، تقریب میں موجود مہمانِ خصوصی نائب صدر ونکیا نائیڈو نے یونیورسٹی کی صدی ویب سائٹ کا بھی اجراء کیا۔ دہلی یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ ویب سائٹ یادگاروں کے ایک ڈیجیٹل سفر کی شکل میں کام کرے گی۔
غور طلب ہے کہ دہلی یونیورسٹی کے جلسہ تقسیم اسناد میں اس سال 1 لاکھ 73 ہزار 541 ڈیجیٹل ڈگریاں فراہم کی گئی تھیں۔ یہ پہلا موقع ہے جب کسی مرکزی یونیورسٹی میں ایک ساتھ اتنی بڑی تعداد میں ڈیجیٹل ڈگریاں دی گئیں۔ دہلی یونیورسٹی کے مطابق اس سال جو ڈگریاں دی گئیں ان میں 77 ہزار 563 ریگولر کالجوں کے طلبا ہیں۔