سوشل میڈیا کے اس دور میں کسی شخص کے اندر چھپے ہوئے ٹیلنٹ کو پوری دنیا میں پھیلانا بہت آسان ہو گیا ہے۔ کچھ ایسا ہی پاکستان کے ایک جوکر کے ساتھ ہوا جس کا نام عارف خان ہے۔ وہ اپنا پیٹ پالنے کے لیے بچوں کو ہنسانے کا کام کرتا ہے، لیکن اس میں موجود گلوکاری کی صلاحیت نے لوگوں کو حیران کر دیا ہے۔ پاکستانی جوکر کا یہ ٹیلنٹ پاکستان کے ایک یوٹیوبر احمد خان نے دنیا کے سامنے لایا۔
دراصل احمد خان کی ملاقات اس جوکر یعنی عارف خان سے کراچی کی گلیوں میں ہوتی ہے۔ جوکر نے احمد خان کو بتایا کہ وہ بچوں کو ہنسانے کا کام کرتا ہے، کوئی چوری ڈکیتی نہیں کرتا۔ اس کے بعد جب یوٹیوبر نے اس سے پوچھا کہ وہ مزید کیا کرتا ہے تو اس نے اپنی گلوکاری کا تذکرہ کیا۔ پھر جب اس سے کچھ سنانے کی گزارش کی گئی تو یوٹیوبر حیران رہ گیا۔ یہ ویڈیو جب یوٹیوب پر ڈالی گئی تو اس کی آواز میں موجود کشش اور درد کو محسوس کر پوری دنیا دم بخود رہ گئی۔
ویڈیو میں عارف خان ’ابھی مجھ میں کہیں‘، ’خاموشیاں‘ اور ’ضروری تھا‘ نغمہ گاتے ہوئے سنائی دے رہے ہیں۔ یہ ویڈیو ٹوئٹر پر بھی خوب وائرل ہو گئی ہے۔ ہندوستان و پاکستان کے ساتھ ساتھ پوری دنیا میں عارف کے قصیدے پڑھے جا رہے ہیں۔ ایک ٹوئٹر صارف نے تبصرہ کیا کہ ’’ایک طرف وہ بچوں کو ہنساتے ہیں، اور دوسری طرف خود ان کی آواز اور آنکھوں میں بے حد درد چھپا ہوا ہے۔‘‘