اپنے متنازعہ بیانات کے لیے مشہور بالی ووڈ اداکارہ کنگنا راناوت کے ریلٹی شو ’لاک اَپ‘ کا پہلا سیزن اختتام کو پہنچ گیا ہے۔ 70 دنوں تک چلا یہ شو خوب سرخیوں میں رہا اور ’لاک اَپ‘ میں قید کئی مشہور و متنازعہ شخصیتوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اسٹینڈ اَپ کامیڈین منور فاروقی نے فتح کا پرچم لہرایا۔ جیسے ہی منور فاروقی کی جیت کا اعلان ہوا، وہ سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرنے لگے۔

منور فاروقی شروع سے ہی ’لاک اَپ‘ میں ایک مضبوط امیدوار تھے اور انھوں نے کئی مواقع پر اپنے انکشافات سے لوگوں کو حیران کیا۔ منور اپنے کامیڈی کے لیے پہلے سے ہی مشہور رہے ہیں، لیکن اس شو نے انھیں مزید شہرت عطا کی ہے۔ ہندوتوا تنظیموں کے دباؤ میں منور کے اسٹینڈ اَپ کامیڈی پروگرام لگاتار کینسل ہو رہے تھے، لیکن ’لاک اَپ‘ نے انھیں ایک نئی شناخت دی جس سے وہ بہت خوش ہیں۔ اس وقت سوشل میڈیا پر منور کی بے شمار تصویریں اور ویڈیوز ٹرافی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہیں۔

’لاک اَپ‘ شو کے پہلے سیزن میں جیت کے بعد منور فاروقی پر انعامات کی بارش ہوئی ہے۔ انھیں بطور انعام 20 لاکھ روپے دیے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انھیں ایک لگژری کار اور اٹلی کا ٹرپ بھی انعام میں ملا ہے۔ غور طلب ہے کہ اپنی شاعری اور بات کہنے کے دلچسپ انداز سے انھوں نے لوگوں کا دل جیتا۔ شو کی پروڈیوسر ایکتا کپور نے ایک انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ منور نے 18 لاکھ ووٹ حاصل کیے۔