مدھیہ پردیش کے ضلع اجین میں ایک عجیب و غریب معاملہ سامنے آیا ہے۔ 8 مئی بروز اتوار انگوریا تھانہ واقع اسلانا گاؤں میں رمیش لال کی تین بیٹیوں اور ایک بیٹے کی شادی ہو رہی تھی جب بجلی گل ہو گئی۔ اندھیرے میں کسی طرح شادی کی رسمیں ہوئیں۔ پھر جب لائٹ آئی تو پتہ چلا کہ دو بہنوں کے دولہے آپس میں بدل گئے ہیں۔ یہ دیکھ کر وہاں موجود سبھی رشتہ دار حیران رہ گئے۔ کسی کی سمجھ میں نہیں آ رہا تھا کہ آخر اس مسئلہ کا حل کس طرح نکلے۔
ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق رمیش لال کی بیٹیوں نکیتا اور کرشمہ کی شادی دَنگواڑا کے بھولا اور گنیش سے ہونی تھی۔ بارات آنے کے بعد رات تقریباً 11.30 بجے ماتا پوجن کی رسم کے دوران دونوں دلہنیں الگ الگ دولہوں کا ہاتھ پکڑ کر پوجا میں شامل ہو گئیں۔ نکیتا نے گنیش اور کرشمہ نے بھولا کا ہاتھ پکڑ لیا۔ 12.30 بجے جب لائٹ آئی تو سبھی کو غلطی کا احساس ہوا۔ پھر آپس میں سبھی نے بات چیت کی اور اس نتیجہ پر پہنچے کے دونوں بہنوں کی شادی پہلے سے طے شدہ لڑکوں سے دوبارہ ہوگی۔ یعنی اتوار کی شب ہوئی غلطی کا ازالہ کرتے ہوئے سوموار کی صبح 5 بجے دونوں بہنوں نے اپنے طے کردہ دولہے کے ساتھ سات پھیرے لیے۔
اس واقعہ کے تعلق سے دلہن کے رشتہ داروں نے بتایا کہ گاؤں میں اکثر بجلی چلی جاتی ہے اور کئی گھنٹے نہیں آتی۔ اسی وجہ سے شادی کی تقریب میں دولہا-دلہن کی اَدلا بدلی ہوئی۔