کویت میں گزشتہ دنوں ایک ایسا معاملہ سامنے آیا جس نے ایسے لوگوں کو محتاط کر دیا ہے جو اپنی گاڑی کے پیچھے قرآنی آیات لکھوانے کی خواہش رکھتے ہیں۔ 10 مئی کو قرآن پاک کی آیت کا غلط استعمال کرنے کے الزام میں ایک ٹیکسی کو ضبط کر لیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں ٹیکسی کے ڈرائیور اور مالک کو نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ ٹیکسی پر قرآن پاک کی جو آیت لکھی ہوئی تھی وہ سورہ ہود کی 42ویں آیت کا ایک حصہ ہے۔ ٹیکسی پر تحریر اس آیت کا معنی ہے ’’اے میرے بچے ہمارے ساتھ سوار ہو جا اور کافروں کے ساتھ نہ ہو۔‘‘ ایک مقامی اخبار کا کہنا ہے کہ اس قرآنی آیت سے یہ غلط فہمی پیدا ہو رہی ہے کہ جو لوگ ٹیکسی میں نہیں چڑھے ہیں وہ کافر ہیں۔ غور طلب ہے کہ اس آیت میں نوح علیہ السلام نے اپنے بیٹے کو کشتی پر سوار ہونے کے لیے کہا تھا۔
بہرحال، کویت کی وزارت خارجہ نے اس تعلق سے ٹوئٹ کر جانکاری بھی دی ہے۔ وزارت کے مطابق ضبط کی گئی ٹیکسی کو ٹریفک امپاؤنڈمنٹ گیراج لے جایا گیا ہے کیونکہ ٹیکسی کے ڈرائیور نے قرآن کی ایک آیت ٹیکسی کے پیچھے لکھ کر قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔ وزارت کے سیکورٹی میڈیا محکمہ نے اس بارے میں مزید جانکاری نہیں دی، بس اتنا کہا کہ جس کمپنی کی یہ ٹیکسی تھی، اس کے مالک اور ٹیکسی ڈرائیور کو نوٹس بھیجا گیا ہے تاکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکے۔