عمران ملک نے آئی پی ایل میں اپنی تیز گیندبازی سے سبھی کو متاثر کیا ہے۔ وہ پرپل کیپ کی ریس میں شامل ہیں اور کئی بڑے بلے بازوں کو اپنی تیز رفتار گیندوں سے پریشان کر چکے ہیں۔ عمران کی رفتار اور شارٹ پچ گیندوں کو دیکھتے ہوئے کئی سابق کرکٹروں نے انھیں ہندوستانی ٹیم میں شامل کیے جانے کا مشورہ دیا ہے۔ اب ہندوستان کے سابق کوچ روی شاستری بھی ان کے قائل نظر آ رہے ہیں۔ انھوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وہ لاجواب گیندباز ہیں، انھیں بمراہ اور محمد سمیع کے ساتھ رکھنا چاہیے۔
سنرائزرس حیدر آباد کے اس گیندباز کے بارے میں روی شاستری نے ’ای ایس پی این کرک انفو‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’عمران کو سنٹرل کانٹریکٹ لسٹ میں رکھا جانا چاہیے۔ اسے اِدھر اُدھر نہ گھومنے دیں، بلکہ اہم کھلاڑیوں کے ساتھ رکھنا چاہیے۔ اسے محمد سمیع اور جسپریت بمراہ کے ساتھ رکھ کر سیکھنے دینا چاہیے۔ ساتھ ہی دیکھیں کہ وہ کس طرح ٹریننگ لے رہے ہیں۔ اس پر نظر رکھیں کہ کہیں وہ بھٹک نہ جائیں۔‘‘
عمران کی تعریف کرتے ہوئے شاستری نے یہ بھی کہا کہ ’’مجھے لگتا ہے کہ وہ وقت کے ساتھ مزید بہتر ہوگا۔ دیکھیے کہ وہ ابھی کس طرح کی گیندبازی کر رہا ہے۔ اگر وہ اپنی لینتھ اور رفتار پر قائم رہتے ہوئے لگاتار اسٹمپ پر گیند ڈالتا ہے تو کسی کو بھی پریشانی میں ڈال دے گا۔ کریز پر آئے نئے بلے باز کے لیے تو عمران کافی خطرناک ہوگا، کیونکہ گیند کی رفتار بہت ہوگی۔‘‘