مشہور شاعر منور رانا کافی عرصہ سے گردے کے مرض میں مبتلا ہیں، اور اب ان کی پریشانی بہت زیادہ بڑھ گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 24 مئی کی شام اچانک ان کی طبیعت زیادہ بگڑ گئی جس کے بعد اسپتال لے جانے کی نوبت آ گئی۔ انھیں لکھنؤ کے ایس جی پی جی آئی میں داخل کرایا گیا ہے جہاں وہ ڈاکٹروں کی سخت نگرانی میں ہیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان کی حالت سنگین ہے اور آپریشن کے لیے سبھی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ گردے کے مرض میں مبتلا منور رانا ڈائلیسس پر چل رہے ہیں۔ ابھی تک ان کا علاج دہلی میں چل رہا تھا اور پھر وہ گھر پر ہی طبی خدمات حاصل کر رہے تھے۔ 24 مئی کو جب طبیعت زیادہ خراب ہوئی تو ان کے اہل خانہ نے لکھنؤ کے سنجے گاندھی پوسٹ گریجویٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (ایس جی پی جی آئی) کے ایمرجنسی وارڈ میں داخل کرایا۔ ڈاکٹروں نے ان کی حالت دیکھ کر آپریشن کی صلاح دی ہے اور بتایا جا رہا ہے کہ آپریشن آج ہی کیا جائے گا۔
غور طلب ہے کہ اس سے قبل منور رانا کو دل کا دورہ پڑا تھا اور تب بھی انھیں اسپتال میں داخل کرانے کی ضرورت پڑی تھی۔ وہ نیفرو کے مسئلہ سے بھی دو چار ہیں اور ملٹیپل آرگن پرابلم کا سامنا ہے۔ گردے میں پتھری کے مرض سے بھی منور رانا طویل عرصہ سے نبرد آزما ہیں اور اسی سے متعلق آپریشن آج کیے جانے کی تیاری ہے۔